کامسیٹس نے جمہوریہ یمن میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام میں بھرپور تعاون کا عندیہ دے دیا

کامسیٹس نے جمہوریہ یمن میں سائنس اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام میں بھرپور تعاون کا عندیہ دے دیا
رواں سال کامسیٹس کی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں یمن بھی شریک ہوگا

جنوب میں پائیدار ترقی کے لیے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے کمیشن (کامسیٹس) نے یمن میں سائنس اور ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کے لیے ہر سطح پر معاونت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ گذشتہ روز کامسیٹس کے صدر دفاتر کے دورے پر آئے ہوئے جمہوریہ یمن کے سفیر ایچ اے محمد موطہار الہابی نے، یمن کے وزیر برائے اعلی تعلیم و سائنسی تحقیق کی طرف سے کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی کو ایک خط دیا،جس میں سائنس اور ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام کے لیے کامسیٹس سے تعاون طلب کیاگیا تھا۔ 
یمن کی طرف سے لکھے گئے خط میں 27 ترقی پذیر ممالک کی بین السرکاری اور بین الاقوامی تنظیم کامسیٹس کی پاکستان میں موجود کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد اور اس کے دیگر کیمپس کا ذکر کیا گیا تھا۔ یاد رہے اب یہ یونیورسٹی ملک میں پبلک سیکٹر کی ایک ممتاز یونیورسٹی بن چکی ہے۔ جمہوریہ یمن بھی کامسیٹس کے رکن ممالک میں شامل ہے اور وہ کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آبادکی طرز پر اپنے ملک میں قائم ہونے والی یونیورسٹی کے لیے کامسیٹس کے طویل تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔جمہوریہ یمن کے وزیر نے اپنے خط میں کامسیٹس کی مشاورتی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کا وعدہ بھی کیا، یہ اجلاس 2021 کے دوران منعقد ہوگا۔  
کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے معزز سفیر نے کہاکہ کامسیٹس کے پلیٹ فارم سے یمن دیگر ترقی پذیر ممالک کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ کامسیٹس ’نیٹ ورک آف انٹرنیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی مراکز آف ایکسی لینس میں ایک آر اینڈ ڈی سنٹراور یمن کی نئی یونیورسٹی کو شامل کرنے میں تعاون فراہم کرے گا۔

اس موقع پر کامسیٹس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی نے معزز سفیر کو بتایا کہ کامسیٹس کینیٹ ورک کے پاس فی الحال ترقی پذیر ممالک سے وابستہ 24 نامور تحقیقی مراکز اور یونیورسٹیوں کی رکنیت موجودہے،جو سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں کام کررہی ہیں،جوکمیشن کے رکن ممالک میں جنوبی جنوب اور سہ رخی تعاون پروگرامز کے تکنیکی وسائل کی حیثیت سے کام سر انجام دیتی ہیں۔ کامسیٹس نیٹ ورک میں یمنی مرکز کو شامل کرنے سے مشترکہ تحقیق اور ترقیاتی منصوبوں، صلاحیتوں میں اضافے کی سرگرمیوں، ماہرین کے تبادلوں اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے انتظامات سمیت متعدد دیگرباہمی تعاون کے منصوبوں میں آپ کے ملک کو مدد ملے گی۔ ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق ہوا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹرکامسیٹس اور یمن کے سفیر یمن کے وزیر برائے اعلی تعلیم و سائنسی تحقیق کے ساتھ متعدد ورچوئل میٹنگز کریں گے تاکہ اس ضمن میں جاری تعاون کومزید آگے بڑھایا جاسکے۔