الخدمت فاؤنڈیشن کے مواخات پروگرام کے تحت 24افراد کو چھوٹے کاروبارکے لیے بلاسود قرض فراہم کیا گیا۔ تقریب میں نیشنل ڈائریکٹرالخدمت فاؤنڈیشن مواخات پروگرام میاں بابر حمید، انجینئر احمد حماداور انچارج مرکزی مواخات پروگرام حافظ شیراز احمد سمیت دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔اس موقع پر 24مردو خواتین میں قرض حسنہ کی مد میں 10لاکھ 40ہزار روپے تقسیم کئے گئے۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے میاں بابر حمید نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کے مواخات پروگرام کے تحت مستحق اور محنت کش افرادکو سود سے پاک اور اسلامی طریقہ کار کے عین مطابق قرضِ حسنہ فراہم کیا جاتا ہے تاکہ وہ اس مشکل معاشی ماحول میں کسی دوسرے کے آگے دست سوال دراز کرنے کی بجائے خود اپنے لئے بہتر ذرائع معاش کو یقینی بنا سکیں۔ گزشتہ سال الخدمت مواخات پروگرام کے تحت 853افرادمیں قرض کی مد میں 2کروڑ80لاکھ 6ہزارروپے کی خطیر رقم تقسیم کی گئی۔اس کے علاوہ الخدمت مدرز اینڈ چائلڈ کیئر پروگرام کے تحت بیوہ خواتین کو بھی اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لئے مواخات پروگرام کے ذریعے قرضوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔
