وزیراعظم شہبازشریف نے کابل میں پاکستانی ہیڈ آف مشن پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی گارڈ کوسلام کہ سینے پر گولیاں کھا کر پاکستانی ناظم الامور کو بچایا، واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ کابل میں اپنے ہیڈ آف مشن پر بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، سیکیورٹی گارڈ کی بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں، سیکیورٹی گارڈ نے سینے پر گولیاں کھا کر پاکستانی ناظم الامور کو بچایا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سیکیورٹی گارڈ کی جلد صحتیابی کیلئے دعا گو ہوں، اس واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کیخلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔
یاد رہے افغانستان کے دارالحکومت کابل میں پاکستانی ناظم الامور پر قاتلانہ حملہ ہوا، سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ناظم الامورعبید نظامانی فائرنگ کے واقعے میں محفوظ رہے، پاکستانی ناظم الامور کے گارڈ گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔
پاکستانی ناظم الامور چہل قدمی کررہے تھے جب ان پر فائرنگ کی گئی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق گولیاں قریبی عمارت سے چلائی گئیں۔عملے کے سیکیورٹی گارڈ کو سینے میں 3 گولیاں لگیں۔ سیکیورٹی گارڈ کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی ناظم الامور و دیگر حکام کو وقتی طور پر پاکستان بلایا جا رہا ہے۔واقعے سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔