اسلام آباد رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کی نو منتخب قیادت رئیل اسٹیٹ کے شعبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرے گی

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)اسلام آباد رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کی نو منتخب قیادت رئیل اسٹیٹ کے شعبہ کو درپیش مسائل کے حل اور غیر مناسب اور غیر منصفانہ ٹیکسز کم اور انہیں ختم کرانے کے لیے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرے گی، یہ فیصلہ اسلام آباد رئیل اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کی نو منتخب مجلس عاملہ کے اجلاس میں کیا گیا،نو منتخب مجلس عاملہ کا پہلا باضابطہ اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت نو متخب صدر سردار طاہر محمود نے کی، اجلاس میں فاؤنڈر اتحاد گروپ کے چیئرمین عابد خان بھی خصوصی دعوت پر شریک ہوئے، اجلاس میں ایلڈر کونسل کی تشکیل، ایگزیکٹو ممبرز کے انتخاب اور انتظامی امور کی نگرانی کے لیے مختلف شعبہ جاتی بارہ کمیٹیاں تشکیل دینے کے امور، نئی ممبر شپ اور پرانی ممبر شپ کی تجدید نو سمیت ایجنڈے میں شامل تمام نکات کی کارروائی مکمل کی گئی، اس کے علاوہ ایلڈر کونسل کے چیئرمین بنایا جائے گا جس کے لیے چوہدری محمد اکرم کا نام پیش ہوا اس عہدے پر نامزدگی اتفاق رائے سے ہوگی، سیکرٹری انفارمیشن اسرار الحق مشوانی کے مطابق اجلاس میں رئیل اسٹیٹ کے شعبہ کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا اور غیر مناسب اور غیر منصفانہ ٹیکسز کم کرنے اور انہیں ختم کرانے کے لیے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ملاقات کے لیے وقت لینے کے لیے رابطہ کیا جائے گا