پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ پہلے نیا وزیراعظم آئے گا اس کے بعد ترمیم ہوگی۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے آصف علی زرداری کی میڈیکل بنیادوں پر ضمانت کے لیے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستانی ڈاکٹرز پر زیادہ اعتماد نہیں۔انہوں نے کہا کہ طبی بنیاد پر آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت دائر کریں گے کل تک ہم یہ درخواست فائنل کرکے جمع کروادیں گے۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ آصف زرداری سے ملک کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات ہوئی ہے، پیپلز پارٹی اپنے نظریے اور موقف سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی 27 دسمبر کو لیاقت باغ سے ایک بار پھر صاف اور واضح پیغام دے گی، جب تک پاکستان کے عوام کو حقوق نہیں مل جاتے تب تک ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ ہم سب آرمی چیف کی تعیناتی سے متعلق سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں، امید ہے کہ عدالتی فیصلے سے ہمیں قانون سازی میں رہنمائی ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم اس معاملے پر چاہتے ہیں کہ اتفاق رائے ہو لیکن وزیر اعظم کے بیانات اس کے بر عکس ہیں، ہمارا وزیراعظم غیر سنجیدہ اور ہر معاملے پر غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ وزیر اعظم ابھی تک کنٹینر پر کھڑے ہیں، اس کے روییکی وجہ سے ملک کا اور ہر ادارے کا نقصان ہو رہا ہے، ہمارا سلیکٹڈ وزیراعظم ہر موقع پر اپوزیشن جماعتوں کو نشانہ بناتا ہے، جو حکومت 3 ماہ میں ایک نوٹیفکیشن نہ بناسکی اس سے نہیں لگتا کہ وہ 6 ماہ میں قانون سازی پر اپوزیشن کو اعتماد میں لے پائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر کے لیے شہباز شریف کی جانب بھیجے گئے نام اپوزیشن جماعتوں کی مشاورت سے بھیجے گئے ہیں۔بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کا فارن فنڈنگ کیس طویل عرصے سے چل رہا ہے اور اس کا اب تک فیصلہ نہیں ہوا ہے
