رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر کی رپورٹ کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی شب 10 بج کر 23 منٹ پر ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ 22 مارچ کو مغرب کے وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے سے زائد ہوگی، یوں اس روز چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔بدھ کے روز غروب آفتاب 6 بج کر 41 منٹ پر ہو گا، جبکہ غروب قمر 7 بج کر 32 منٹ پر ہوگا۔ یوں غروب آفتاب کے بعد 51 منٹ تک چاند نظر آنے کا امکان موجود رہے گا۔ بتایا گیا ہے کہ بدھ کے روز رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے ملک کے کچھ علاقوں میں مطلع صاف جبکہ کچھ علاقوں میں مطلع ابرآلود ہو گا۔ جبکہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی کل بروز بدھ پشاور میں ہی ہو گا۔