بارش جاری نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے

فیصل آباد شہر بھر میں رات سے بارش جاری نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے،زیادہ سے زیادہ بارش21 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔فیصل آباد شہر بھر میں رات سے وقفے وقفے سے ہلکی و تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے شہر میں زیادہ سے زیادہ 21 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔بارش سے سڑکوں پر پانی کھڑا ہو گیا نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے اور بہت سے علاقوں میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے واسا کے انٹرمیڈیٹ ڈسپوزل بھی بند ہو گئے اور پانی کی نکاسی کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا۔ ڈیزل کی عدم دستیابی کی وجہ سے جنریٹر نہ چلنے کے سبب مین ڈسپوزل سٹیشن بھی بند ہو گیا۔رات سے جاری بارش سے موسم بھی سرد ہو گیا۔

واسا ترجمان کے مطابق سحری کے اوقات میں ہونے والی اوسط بارش 40۔18 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ بارش علامہ اقبال کالونی کے علاقہ میں 21 ملی میٹر جبکہ سب سے کم مدینہ ٹاؤن میں 16 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔اسی طرح گلستان کالونی اور غلام محمد آباد 19-19 ملی میٹر جبکہ ڈوگر بستی میں 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔مینجنگ ڈائریکٹر واسا جبارانور کی ہدایت پر آپریشنز سٹاف بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے علی الصبح سے متحرک کر دیا گیا تھا اور اقبال اسٹیڈیم، لاثانی پلی سرگودھا روڈ، منڈی موڑ سمندری روڈ کو نکاسی آب کے بعد کلیئر کردیاگیا۔اسی طرح شیل پٹرول پمپ جھنگ روڈ، عیدگاہ روڈ جیل روڈ، شیخوپورہ روڈ بھی بارش کے پانی سے کلیئر کردیئے گئے۔ترجمان کے مطابق نشاط آباد پل، عبداللہ پور پل، ڈجکوٹ روڈ، سعد بیلہ، جنرل ہسپتال سمن آباد، سوساں روڈ سے بھی پانی کی نکاسی مکمل کر دی گئی ہے۔ترجمان نے بتایا چونکہ بارش مسلسل جاری ہے لہٰذا واسا عملہ الرٹ ہے اورنشیبی علاقوں اور شاہراہوں سے مسلسل پانی کے نکاس میں مصروف ہے۔