مسقط —– وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سلطنت عمان کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں انہوں نے عمان کے وزیر داخلہ سید حمود بن فیصل البوسیدی سے اہم ملاقات کی۔ عمانی وزارت داخلہ پہنچنے پر محسن نقوی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔
دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال، دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی تعاون، اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر پاکستان کے اصولی مؤقف سے اپنے عمانی ہم منصب کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ “پاکستان پر امن ملک ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ بلیم گیم سے خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے، پاکستان کا مؤقف واضح اور اصولی ہے۔”
وفاقی وزیر داخلہ نے اس موقع پر عمان کے بین الاقوامی تنازعات کے حل میں کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں ویزا کے حصول میں پاکستانیوں کو درپیش مسائل، انسداد منشیات، انسداد اسمگلنگ، پولیس ٹریننگ، اور کوسٹل گارڈز کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ادارہ جاتی رابطہ مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔
عید کے موقع پر عمان کی جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کے لیے ایمنسٹی دینے پر وفاقی وزیر داخلہ نے عمان کے سلطان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ قیدیوں کی جلد وطن واپسی کے لیے باہمی اشتراک کو بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
دوران ملاقات اسلام آباد اور مسقط کو “سسٹر سٹیز” قرار دینے پر اصولی اتفاق بھی کیا گیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ “عمان اور پاکستان نہ صرف ہمسائے بلکہ بھائی بھی ہیں۔ اشتراک کار کو نئی بلندیوں تک لے کر جائیں گے اور ان اقدامات کے ثمرات چند دنوں میں واضح ہوں گے۔”
عمانی وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو برادرانہ اور تاریخی قرار دیتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ ملاقات کے موقع پر عمانی وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام اور مسقط میں تعینات پاکستانی سفیر سید نوید صفدر بخاری بھی موجود تھے۔