پاکستان اور بھارت کے مابین صورت حال کشیدہ ہے اور اسی دوران وزیر داخلہ سے قائم مقام امریکی سفیر نے ملاقات کی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کی ملاقات کے موقع پر امریکہ کے پولیٹیکل قونصلر زیک ہارکن رائیڈر اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔
اہم ملاقات میں بھارت کے حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر کو بھارتی حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے بریف کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ بھارت نے جنوبی ایشیا کے امن کو داو پر لگا دیا ہے اور بھارتی جارحیت کے نتیجے میں علاقائی امن تار تار ہوگیا ہے، بھارت نے شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کو پامال کیا۔
وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا پاکستان نے دفاع وطن کے لیے دشمن کو بھرپور جواب دیا، پاکستان نے ابھی انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا، لیکن ہم اپنی سلامتی پر آنچ نہیں آنے دیں گے۔ بھارت کے خطرناک عزائم سے پہلے ہی دوست ممالک کو آگاہ کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ رات، اندھیرے میں پاکستان کے شہری علاقوں پر حملہ کرکے طبل جنگ بجادیا تھا۔
بھارتی حملے کے بعد پاکستان کی مسلح افواج نے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 3 رافیل طیاروں سمیت 5 جنگی طیارے مارے گرائے، جب کہ ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر سمیت متعدد فوجی چیک پوسٹوں کو تباہ کردیا تھا، بھارتی فوج نے ایل اوسی کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈ الہرا کر شکست تسلیم کرلی تھی۔