وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے میریٹ میں منعقد ہونے والی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پراجیکٹ Terrorism Prevention Branch وزارت داخلہ اور یو۔این۔او۔ڈی۔سی کا مشترکہ منصوبہ ہے جس کا مقصد دہشتگردی کی روک تھام اور پر امن معاشرے کا قیام ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہیں ۔ اس منصوبے پر عمل درآمد کر کے پر امن معاشرے کے قیام کی جانب قدم بڑھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے اقدامات حکومت کی اولین ترجیحات میں موجود ہے۔ وزیر داخلہ نے اس بات کی وضاحت کی کہ دہشتگردی اور معمول میں ہونے والے جرائم میں واضح فرق ہے۔ دہشتگردی کا مقصد بڑی سطح پر ہوتا ہے اور اس کے لئے وسائل اور آمادگی بے حد ضروری ہے۔ نوجوان نسل اور معاشرے کے باقی شہریوں کو اس طرح کے خطرناک عزائم کے لئے آمادہ ہونے سے روکنے کے لئے ہمیں معاشرے میں آگاہی پھیلائے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جب تک معاشرے میں دہشتگردی کے حوالے سے آگاہی نہیں ہو گی تب تک اس کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یو این او ڈی سی کو یہ مشورہ دوں گا کہ اس فنڈ کا کچھ حصہ معاشرے میں آگاہی پھیلانے پر استعمال کیا جائے۔ میں یقین کے ساتھ یہ کہہ سکتا ہوں کہ اس سے بہت زیادہ مدد حاصل ہوگی۔ اور یہ میں اپنے فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں میں تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے کہہ رہا ہوں۔ اس بات پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے بریگیڈیر (ر) اعجازشاہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کرمنل سسٹم کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ انصاف کی فراہمی میں ہی معاشرے کی کامیابی ہے۔ پراجیکٹ کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ اس پروگرام کو کامیاب کرنے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔ خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ ہم نے جس نیت اور مقصد کے تحت اس منصوبے کا آغاز کیا ہے ہم اس کو کامیابی سے حاصل کرسکیں گے۔
