ھ
کراچی (خصوصی رپورٹ) وائس ایڈمرل (ر) عارف اللہ حسینی نے کہا ہے کہ پاکستان کا ازلی دشمن بھارت عرصہ دراز سے پاکستان کیخلاف مکروہ سازشیں کرتا چلا آرہا ہے اور بھارتی ادارے سوچے سمجھے پلان کے تحت اپنے ہی ملک کے اندر تخریب کاری اور دہشت گردی کے ڈرامے اسٹیج کرکے پاکستان کیخلاف جھوٹی الزام تراشی کرتے ہیں مگر بھارت کبھی بھی اپنے بھونڈے الزامات اور بھارت کے اندر ہونیوالی کسی بھی دہشت گردی کے واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ناقابل تردید ٹھوس ثبوت پیش نہیں کرسکا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہارآرٹس کونسل آف پاکستان میں ریڈرز کلب کے زیراہتمام ڈاکٹر جنید احمد اور سید ابن الحسن رضوی کی کتاب ”گنگا تا پلوامہ ،ہندوستان کے فلیگ آپریشنز“ کی رونمائی کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کتاب کی لانچنگ تقریب میں دفاعی ماہرین ، سیکورٹی تجزیہ کاروں، نامور ماہر تعلیم، ممتاز دانشوروں اور سول سوسائٹی کے مختلف مکاتب فکر کے نمائندگان نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔ سابق سینیٹر جاوید جبار نے اس کتاب کے تحقیقی مندرجات کا جامع تجزیہ پیش کیا جبکہ صبوحہ خان نے اس کتاب کی اشاعت کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مصنفین نے اس کتاب میں جنوری 1971 ءمیں گنگا جہاز کے اغواءکے بعد سے اب تک بھارت کی جانب سے ہونیوالے فالس فلیگ آپریشنز کا تحقیقاتی جائزہ پیش کرتے ہوئے پوری تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ1971 ءمیں گنگا جہاز کا اغواء، دسمبر2001 ءمیں بھارتی پارلیمنٹ پر حملہ ، 2002 ءمیں ٹرین آتشزدگی، فروری2007 ءمیں سمجھوتہ ایکسپریس آتشزدگی، نومبر2008ءمیں ممبئی حملہ، ستمبر2016ءمیں اڑی حملہ اور فروری2019 ءمیں پلوامہ فالس فلیگ آپریشن بھارتی منصوبہ سازوں کے اپنے ہی تیار کردہ خودساختہ ڈرامے تھے۔کتاب کے مصنفین نے تفصیل کیساتھ اجاگر کیا ہے کہ کس طرح بھارتی اداروں نے اپنے ملک کے داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کےلئے پاکستان کو دہشت گردی میں ملوث کرنے کےلئے گھناﺅنے انداز میں ڈرامے اسٹیج کیے اور پاکستان کو دہشت گرد ملک ثابت کرنے کےلئے عجیب و غریب ڈرامے رچائے۔ کتاب میں تفصیل کیساتھ واضح کیا گیا ہے کہ بھارت کے منصوبہ ساز پاکستان کو بدنام کرنے کےلئے کس طرح شاطرانہ چالیں چل کر پوری دنیا کو دھوکہ دیتے آئے ہیں۔ مصنفین نے اپنی تحقیق سے ثابت کیا ہے کہ ممبئی حملوں کا مرکزی کردار بھارت کا اپنا شہری ہی تھا ، بھارتی اداروں نے سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اجمل قصاب کو پاکستانی شہری قرار دینے کا ڈرامہ اسٹیج کیا مگر بھارتی ادارے اجمل قصاب کی پاکستانی شہریت ثابت کرنے میں ناکام رہے۔ مصنفین نے مکمل تحقیق سے یہ بھی ثابت کیا ہے کہ بھارت میں ہونیوالے دہشت گردی جن واقعات میں پاکستان کے ملوث ہونے کا ڈھونگ رچایا جاتا رہا، بھارتی حکومت نے ان تمام واقعات کی تحقیقات کو منطقی انجام تک نہ پہنچنے دیا اور تخریب کاری کے ان واقعات میں گرفتار کیے گئے تمام مبینہ ملزمان کو بھی واقعات رونماءہونے کے فوری بعد ہلاک کردیا گیا اور ان میں سے کسی ایک کو بھی زندہ نہ چھوڑا گیا تاکہ بھارتی اداروں کے رچائے گئے ڈراموں کے اصل حقائق دنیا کے سامنے نہ آسکیں جبکہ دہشت گردی کے واقعات میں ملوث قرار دیکر مارے گئے تمام مبینہ ملزمان کا تعلق بھی نچلی ذات کے ہندوﺅں یا مسلمانوں سے جوڑا گیا جبکہ بھارتی حکومت نے ان واقعات کی تفتیش پر مامور تفتیشی افسران کودوران تفتیش وحشیانہ اندازمیں زدوکوب کرایا اور تحقیقاتی ایجنسیوں کے افسران کو اپنی تفتیش مکمل کرنے سے پہلے ہی تبدیل کیا جاتا رہا۔ اس کے علاوہ دہشت گردی کے ان واقعات کے مقدمات کی سماعت کرنیوالی عدالتوں کے ججوں پر بھی مرضی کے فیصلے حاصل کرنے کےلئے دباﺅ ڈالا جاتا رہا۔ رونمائی تقریب میں وسیع تر تحقیقات کی روشنی میں مرتب ہونیوالی اس اہم کتاب کے مندرجات پر سوال وجواب کے سیشن میں بتایا گیا کہ اس تحقیقی کتاب کی اشاعت کا مقصد پاکستان کیخلاف جاری بھارتی ڈراموں کو بے نقاب کرکے بھارت سرکار کے جارحانہ عزائم کو اقوام عالم کے سامنے لانا ہے تاکہ پوری دنیا کو بھارتی منصوبہ سازوں کے بے رحمانہ دہشت گردانہ سلسلے اور پاکستان کیخلاف بھونڈی الزام تراشی کے مقاصد سے خبردار کیا جاسکے اور اقوام عالم کو باور کرایا جاسکے کہ بھارت جیسا بڑا ملک اپنے پڑوسی چھوٹے ممالک کیخلاف کس طرز کی سازشیں کرکے اپنے مقاصد حاصل کرنے کے درپے رہتا ہے۔ مصنفین نے اپنی تحقیقاتی تحریر میں اس امر پر بھی روشنی ڈالی کہ پاکستان کی حکومتیں بھارت کی شرانگیز کارروائیوں کا بروقت موثر جواب دینے سے قاصر رہیں جبکہ اس سلسلے میں پاکستانی میڈیا کے بعض اداروں نے بھی اپنے ملک کے مفادات کیخلاف کام کرکے بھارتی ایجنڈے کو تقویت پہنچائی۔ کتاب کے مصنفین کے مطابق فروری 2019 ءمیں پلوامہ فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان کے ریاستی اداروں نے مختلف انداز میں نمٹ کر بھارت سرکار کو دنیا بھر کے سامنے شرمندہ کردیا جس سے بھارت سمیت دنیا بھر کے ممالک پر بھی واضح ہوگیا کہ پاکستان کی قومی سلامتی کے ضامن ادارے بھارت کے تمام تر منفی حربوں اور جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت اور اہلیت رکھتے ہیں۔