اسلام آباد اور راولپنڈی میں مزید بارش کی پیش گوئی

راولپنڈی میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حکام نے راول ڈیم میں پانی کی مسلسل بڑھتی ہوئی سطح کے باعث اس کے اسپل ویز کل صبح 6 بجے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیکریٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب رضوان نصیر نے بارشوں سے متعلق ایک تشویشناک انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ موسم میں پنجاب بھر میں 119 افراد بارشوں کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

راول ڈیم میں پانی کا ذخیرہ 1,748 ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا، جو اس کی گنجائش 1,752 ایکڑ فٹ کے نہایت قریب ہے۔ مسلسل بارشوں کے پیش نظر انتظامیہ نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے اسپل ویز پانچ گھنٹے کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ آبپاشی کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں مزید بارش کی پیش گوئی کے باعث ڈیم میں پانی کی سطح کو کنٹرول کرنے کے لیے سطح کو 1,746 ایکڑ فٹ پر لایا جائے گا، تاکہ اضافی پانی کو محفوظ انداز میں خارج کیا جا سکے۔

انتظامیہ نے راول ڈیم کے اطراف کی قریبی آبادیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ حکام کے مطابق پانی چھوڑنے سے پہلے سائرن بجا کر خبردار کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث ڈیم کی صورتحال پر کڑی نگرانی رکھی جا رہی ہے۔

دوسری جانب سیکریٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب رضوان نصیر نے بارشوں سے متعلق ایک تشویشناک انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ حالیہ موسم میں پنجاب بھر میں 119 افراد بارشوں کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔