وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران اور صدر مسلم لیگ ن خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام سے ان کے دفتر میں کاٹلنگ پریس کلب کے وفد نے ملاقات کی۔یہاں جاری بیان کے مطابق وفد کی قیادت صدر پریس کلب کاٹلنگ محمد ایوب نے کی جبکہ وفد میں جنرل سیکریٹری سعادت علی ، فنانس سیکریٹری تقدیر حسین ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری لال بہادر اور نائب صدر اعجاز اللہ شامل تھے۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن یوتھ میڈیا ٹیم کے مرکزی صدر خادم علی خان یوسفزئی بھی موجود تھے۔انجینئر امیر مقام نے کاٹلنگ سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافت ریاست کا چوتھا ستون ہے اور اس کی آزادی اور مضبوطی ایک ترقی یافتہ معاشرے کی ضمانت ہے۔انہوں نے کاٹلنگ پریس کلب کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے پانچ لاکھ روپے کی گرانٹ دی۔انجینئر امیر مقام نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ تحصیل کاٹلنگ میں پاسپورٹ آفس کے قیام کے لیے باقاعدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مقامی عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں