جماعتِ اسلامی کا مینارِ پاکستان پر اجتماعِ عام تاریخ ساز، یکجہتی کی طاقت بنے گا،لیاقت بلوچ

نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی پارلیمانی اُمور کے صدر لیاقت بلوچ ن کہا کہ جماعتِ اسلامی کا نومبر 2025ء میں مینارِ پاکستان پر اجتماعِ عام تاریخ ساز، فقیدالمثال اور قومی وحدت و یکجہتی کی طاقت بنے گا۔ دُنیا بھر سے اسلامی تحریکوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے قائدین کشمیر و فلسطین کے لیے عالمی سطح پر مضبوط پیغام دیں گے۔ مینارِ پاکستان پر اجتماعِ عام کے انعقاد کے لیے این او سی کے حصول کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ اجتماع پُرامن، جمہوری، دوقومی نظریہ اور عوام کے مسائل کو اُجاگر کرنے کا عظیم ترجمان بنے گا۔ خواتین اور نوجوانوں کے علاوہ طلبہ، مزدور، کسان بھی اجتماعِ عام میں بھرپور شرکت کریں گے۔ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن ملک کو بحرانوں سے نکالنے، ترقی و استحکام اور آئین و جمہوریت، آزادی و انصاف کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے قومی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
لیاقت بلوچ نے منصورہ میں عوامی وفود اور سیاسی قومی مشاورت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے متنازع فیصلوں کے بعد سینیٹ اور قومی و صوبائی اسمبلیوں میں خالی نشستوں کو غیرجمہوری طریقے سے پُر کرنے، نیز سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کو عدلیہ سے سُنائی گئی متنازع سزاؤں کے بعد تیز ترین ممبرشپ سے تیز ترین فراغٖت جمہوریت اور پارلیمانی نظام کے لیے بُرا شگون ہے۔ فارغ کئے گئے اراکین کے حقِ اپیل اور فیصلوں کا انتظار کرنے سے زمین بوس ہوتے جمہوری نظام کا کچھ تو سدِباب ہوتا۔ تاریخ گواہ ہے کہ جس بھی سیاسی، جمہوری اقتدار میں ہائبرڈ نظام اپنے فیصلے کرتا ہے، صاحبانِ اقتدار بھی اَسی شکنجے کا شکار ہوتے ہیں۔
لیاقت بلوچ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان سے دہشت گردوں کی دراندازی پاکستان ہی نہیں افغانستان کے لیے بھی بڑا چیلنج ہے، ایک ملک کی سرزمین ہمسایہ یا کسی بھی ملک کے خلاف استعمال ہو تو سوالات بھی اُٹھتے ہیں اور تعلقات بھی سرد مہری کا شکار ہوتے ہیں۔ افغان وزیرِخارجہ امیر خان متقی کا دورہ پاکستان ملتوی ہونا دونوں برادر ملکوں کے بحال ہوتے سفارتی تعلقات کے لیے نیک شگون نہیں۔ افغان وزیرِ خارجہ کے دورہ پاکستان کا بِلاتاخیر اہتمام ہو اور پاکستان و ایران افغانستان کو سفارتی سطح پر تسلیم کرلیں تاکہ تعلقات میں حقیقی استحکام آئے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے آئی ٹی برآمدات کے بڑھنے کے تمام امکانات موجود ہیں لیکن حکومت کو انٹرنیٹ، ڈیجیٹل اور بیوروکریٹک شکنجہ کی رُکاوٹیں ختم کرنا ہونگی۔ امریکہ کی بھارت کے خلاف اقتصادی چڑھائی دُنیا بھر میں ٹرمپ کی طرف سے شروع کردہ تجارتی جنگ کا حصہ ہے تاہم امریکی صدر کا اصل کام تو بھارت کو مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے مجبور کرنا ہے۔ غزہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں عرصہ دراز سے جاری قتلِ عام، انسانیت کی تذلیل و بےحُرمتی دُنیا بھر میں امریکی مفادات کے لیے بڑا چیلنج ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مِلی یکجہتی کونسل کی قومی ایکشن کمیٹی کا اجلاس 10 اگست کو جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی دفتر میں ہوگا۔ حکومت امام حسینؓ کے چہلم میں جانے والے زائرین کی مشکلات کے ازالہ کے لیے ایرانی اور عراقی حکومتوں کے ساتھ محفوظ، پائیدار اقدامات پر مبنی معاہدے کرے۔#