یوم آزادی کا دن ہمیں جذبہ حب الوطنی کی اہمیت کا احساس دلاتا ہے۔ چوہدری محمد یٰسین

اسلام آباد—سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے معرکہ حق اوریومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی خیالات کا اظہار کرتے ہوئے قوم کے شہیدوں اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔انھوں نے کہا کہ 14 اگست کا دن ہمیں جذبہ حب الوطنی کی اہمیت کا احساس دلاتا ہے،یوم آزادی ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاددلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے پاکستان کے قیام کے لیے دیں، ہم اُن شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے آپریشن بنیان المرصوص میں حصہ لے کر اپنے وطن کی خاطر اپنا تن من دھن سب کچھ قربان کر دیااورمعرکہ حق میں بھارت کو اس کے گھر میں دھول چٹائی اور ہمیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکی قیادت میں تاریخی فتح ملی۔اس موقع پر انھوں نے ملک میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ پر زوردیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کا حقیقی نظریہ ہے اور ہم سب کو ملکر اس پر عمل کرنا ہوگا تاکہ شدت پسندی کے تدارک کو یقینی بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یومِ آزادی پر یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم سب مل کر اسلام آباد کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، کیونکہ ہم سب ایک قوم ہیں اور ہماری اجتماعی کوششیں ہی ملک و شہر کی تعمیر و ترقی کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔اس موقع پر انھوں نے وزیر اعظم پاکستان اور متعلقہ حکومتی عہدیداران سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی کے دور میں ملازمین کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ بھی باعزت زندگی گزار سکیں۔