متحدہ عرب امارات کے سفیر جناب حماد عبید ابراہیم سلیم الزبی نے وزیر اعظم کے مشیر برائے خزانہ اور محصولات ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔دونوں فریقین کے مابین پاک متحدہ عرب امارات کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاسوں کی تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس کی توقع آئندہ ماہ کے آخر تک ہوگی۔سفیر موصوف نے مشیر کو اگلے ماہ متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کے ایس ایم ای شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع کے تلا ش کے سلسلے میں متو قع دورے کے بارے میں آگاہ کیا۔ سفیر نے دبئی ایکسپو 2020 ء کے بارے میں بھی مشیر کو بتایا جہاں امیدہے کہ پاکستان کی موجودگی سے کاروبار اور تجارت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے د وطرفہ امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک یو اے ای جے ایم سی اور دبئی ایکسپو 2020 ء پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے کاروباری رہنماؤں کے لئے باہمی رابطوں اور مشترکہ منصوبوں کا آغاز کرنے کا ایک بہترین موقع ہے۔مشیر خزانہ نے متحدہ عرب امارات کی کاروباری برادری کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کو آسان بنانے کے لئے وزارت خزانہ کے ذریعہ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
