ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے شہر سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت ماہ اکتوبر میں شروع ہونے والی پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی، جہاں بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو مہم 13 سے 19 اکتوبر تک جاری رہے گی اور اسلام آباد کی 80 یونین کونسلز میں 5 روزہ مہم کے دوران 4 لاکھ 61 ہزار 125 بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں سال 2016 سے 2025 تک رپورٹ ہونے والے پولیو کیسز اور ملک بھر کے صوبوں میں پولیو کیسز کی تعداد کا تقابلی جائزہ بھی پیش کیا گیا۔ اس کے علاوہ گزشتہ پولیو مہم کی کارکردگی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی کہ پولیو ورکرز اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر بچے کو حفاظتی قطرے ہر صورت میں پلائے جائیں۔ انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچانے کے لیے پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں۔