لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان اقبال شیخ نے بھارت میں مسلمانوں کی نسل کشی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ نہ صرف بھارت اور مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں بلکہ انسانیت کے خلاف ہونے والے گھنائونے جرم کا فوری نوٹس لے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی خطے کے امن کو تباہ کر رہی ہے ، ایسے میںعالمی برادری کو خاموش تماشائی کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم کو بھارت کے سفاکانہ عمل کا نوٹس لینا اور اس معاملے میں مداخلت کرنی چاہیے کیونکہ ان کی بھارتی حکومت کے مظالم تاریخی انسانی المیہ کو جنم دے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری ہندوستانی مسلمانوں کے منظم طور پر قتل عام اور کشمیر میں بگڑتی صورتحال پر مذمت کرتی ہے اور کسی بھی صورت معصوم مسلمانوں کے سفاکانہ قتل کا قبول نہیں کرتی اور ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف طاقت اور اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال ان کے بنیادی حقوق، آزادی اظہار رائے، پُر امن احتجاج سمیت دیگر حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔