نائب امیر جماعتِ اسلامی، ناظم اجتماعِ عام لیاقت بلوچ نے امیر جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی، اجتماعِ عام 2025ء کے 23 نومبر کو اختتام کے بعد 10 دِن میں مینارِ پاکستان، بادشاہی مسجد، گردوارہ اور گریٹر اقبال پارک کے تمام مقامات کی صفائی، بحالی، مرمتی کاموں کی تکمیل کے حوالے سے بریفنگ دی۔ امیر جماعتِ اسلامی نے کہا کہ الحمدُ للہ! پورے ملک اور عالمی سطح پر اجتماعِ عام کی کامیابی کے بہت بھرپور اثرات ہیں، “بدل دو نظام” کے لیے اجتماعِ عام کا پیغام گھر گھر پہنچانا، پوری قوم کو متحد کرنا اور فرسودہ نظام سے نجات دِلانے کے حوالے سے کارکنان کی بہت اہم دینی اور قومی ذمہ داری اب بڑھ گئی ہے۔ اجتماعِ عام میں خواتین کی شرکت تاریخ ساز اور انتظامی کمیٹیوں نے بڑی جانفشانی سے کام کیا۔ اجتماعِ عام کے انتظامات میں ذمہ داریاں ادا کرنے والے شعبہ جات کے ناظمین، کمیٹیوں کے ارکان اور نائب ناظمین اجتماعِ عام، کور کمیٹی ارکان کے اعزاز میں استقبالیہ اعترافِ خدمات کا اہتمام کیا جائے گا اور ناظمین اور کمیٹیی ارکان کو اسنادِ اعترافِ خدمات دی جائیں گی۔لیاقت بلوچ نے ضیاء الدین انصاری، ذکراللہ مجاہد، محمودالاحد چوہدری، ملک محمد الیاس کے ہمراہ واسا، اوقاف، پی ایچ اے، متروکہ وقف املاک کے سربراہان سے ملاقات کی اور اجتماعِ عام میں انتظامی تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ جماعتِ اسلامی لاہور کے دفتر میں اجتماعِ عام کے نقشہ/لے آؤٹ پلان، تکنیکی انجینئرنگ اُمور اور فراہمی بجلی کے شعبہ جات کے ارکان کے اعزاز میں انجینئر اخلاق احمد نے ظہرانہ کا اہتمام کیا، لیاقت بلوچ نے صدارت کی اور صحافتی نمائندگان کے سوالات کے جواب میں کہا کہ پاک آرمی میں آئینی ترامیم کے بعد نیا نظام، نئی تقرریاں دُور رَس اثرات لائیں گے۔ معرکہ حق کی کامیابی کے بعد پوری قوم اِس بات پر متفق ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط تر ہو اور افواجِ پاکستان میں ہم آہنگی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاطت کا جذبہ عظیم تر ہو۔ 26 ویں اور 27 ویں آئینی ترامیم کے بعد ہر محاذ پر عملدرآمد تو فطری امر ہے، اپوزیشن جماعتوں اور قومی قیادت کو قومی ترجیحات پر یک آواز ہونا ہوگا، وگرنہ انتشار، نفسانفسی خرابیوں کو تیز تر کرنے کا باعث بنیں گے۔ قومی مالیاتی کمیشن وفاق اور صوبوں کے مابین قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم کو بھی یقینی بنائے اور قومی مسائل پر لُوٹ مار، کرپشن، ناجائز اخراجات کی عیاشیاں بھی بند کرانے کا لائحہ عمل بنے؛ کرپشن قومی معیشت کے لیے کینسر بن گئی ہے۔ معاشی نظام کی بحالی خودداری، خودانحصاری اور وفاقی شرعی عدالت کے سُود سے پاک نظام کے روڈ میپ پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔ لیاقت بلوچ نے ایک سوال کے جواب میں کیا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے حکومت قانون، جیل ضابطوں کے مطابق پی ٹی آئی قیادت اور اہلِ خانہ کے ساتھ مل ترتیب پر اتفاق کرلے، سیاسی قیادت کی پارٹی سربراہ سے ملاقات سیاسی، جمہوری حق ہے۔#
