اسلام آباد——-امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہونے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے عوامی جدوجہد اور جماعت اسلامی کے مؤثر احتجاج کی کامیابی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد کا نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاج رنگ لے آیا، مگر صرف اعلان کافی نہیں—الیکشن کا بروقت انعقاد ہی اصل مقصد ہے۔ آئی سی ٹی، سی ڈی اے اور بلدیاتی ادارے کرپشن کی آماجگاہ بن چکے ہیں، اس لیے شفاف اور مضبوط بلدیاتی اداروں کا قیام اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ناگزیر ہے۔ لیت و لعل سے کام لیا گیا تو الیکشن کمیشن کا گھیراو کریں گے۔اتوار کو شہر بھر کے بلدیاتی سٹیک ہولڈر سے مشاورت کریں گے۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے دفتر جماعت اسلامی میلوڈی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل زبیر صفدر اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
نصراللہ رندھاوا نے واضح کیا کہ ماضی میں اسلام آباد میں تین مرتبہ الیکشن شیڈول جاری ہوا مگر انتخابات منعقد نہ ہو سکے۔ انہوں نے حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بار کسی صورت انتخابات کو ملتوی نہیں ہونے دیں گے۔ جماعت اسلامی انتخابات کے انعقاد سے متعلق حکومتی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دے رہی ہے جو ہر مرحلے پر نظر رکھے گی۔لیت و لعل سے کام لیا گیا تو الیکشن کمیشن کا گھیراو کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہری حقوق پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔ حکومت سنجیدگی کے ساتھ پولنگ ڈے کو یقینی بنائے اور منتخب یونین کونسلز کو فوراً اختیارات منتقل کیے جائیں۔ اسلام آباد کے عوام کے مستقبل کا فیصلہ ایک فرد کے ہاتھ میں دے دینا ظلم ہے۔
