پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے پرعزم ہے

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی کیلئے پرعزم ہے اور پاکستان دنیا کی مختلف تہذیبوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ مت جوگے آرڈر کے صدر آن ہنگ کی قیادت میں ملنے والے وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ بدھ مت، ہندومت اور سکھ مذہب کے مقدس مقامات پاکستان میں موجود ہیں جن کی ہر ممکن طریقہ سے حفاظت کی جارہی ہے۔ پاکستان کو بدھ مت کے ورثے پر بھی فخر ہے اور پاکستان حکومت عام سیاحت کیساتھ ساتھ مذہبی سیاحت کے فروغ کیلئے بھی بھرپور عملی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کے بدھ مت وفد کا پاکستان کے حالیہ دورہ سے تمام مذاہب کے مابین امن، ہم آہنگی اور مفاہمت کیلئے اشتراک و تعاون کا قابل قدر پیغام ملا ہے۔ پاکستان کو اُمید ہے کہ جوگے آرڈر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین تاریخی ثقافتی اور مذہبی روابط کو مزید اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہوگا جس سے بدھ گندھارا تہذہب میں لوگوں کی دلچسپی بڑھے گی اور دونوں ممالک کے مابین دوستانہ روابط کو فروغ ملے گا۔ جوگے آرڈر کے صدر آن ہنگ نے بدھ ورثہ کے تحفظ کیلئے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے وزیراعظم عمران خان کے کردار پر شکرگزار ہیں۔ انہوں نے جمہوریہ کوریا میں بدھ ورثے کے فروغ کیلئے حکومت پاکستان کیساتھ ملکر کام کرنیکی خواہش کا بھی اظہار کیا کہ وہ اپنے ملک کے بدھ زائرین کو پاکستان آنے کی بھی ترغیب دینگے

اپنا تبصرہ لکھیں