نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ اہل مغرب مسلمانوں کے بڑھتے قدموں کو روکنے کیلئے حضور ﷺ اور قرآن کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن ہمار اایمان ہے کہ اسلام کیخلاف ان سازشوں کو کبھی کامیابی نہیں مل سکتی۔انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مغرب اور یورپ میں قرآن اور حضور ﷺ کی اہانت کو روکنے کیلئے احترام مذاہب کے موثر قوانین بنائے جائیں تاکہ عالمی امن کو فروغ دیا جاسکے، قرآن پاک کی بے حرمتی سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے مسلم نوجوان نے غیرت ایمانی کا ثبوت دیا اور اپنا دینی فریضہ ادا کیا ہے جس کو دنیا بھر کے نو جوان قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں جھنگی سیداں میں سیرت کانفر نس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم،جماعت اسلامی پنجاب شمالی کے اسسٹنٹ سیکر ٹری جنرل حافظ تنویر احمد، نائب امیر جماعت اسلامی اسلام آباد صاحبزادہ ولی اللہ بخاری،عزیز الرحمن اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔میاں محمد اسلم نے کہا قرآن پاک کی حفاظت کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ نے لے رکھی ہے۔چاند پر تھوکنے کی جسارت کرنے والے بدبختوں کا اپنا چہرہ خراب ہورہا ہے اور ان کو دنیا و آخرت کی رسوائی کا سامنا کرنا پڑے گا،انھوں نے کہا نئے پاکستان والوں نے غریب کو فاقہ کشی پر مجبور کردیا ہے،حکومت کی بہترین معاشی ٹیم اور سقراطوں اور بقراطوں نے معیشت کو تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا ہے۔ٹماٹر مہنگا ہونے سے کسانوں اور زمینداروں کو فائدہ ہونے کی خوشخبریاں دینے والے غریب کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ایک طرف ہماری کشمیری مائیں بہنیں اور بیٹیاں ہمیں پکار رہیں اور دوسری طرف شرم وحیا سے عاری بے حمیت حکمران گورنر ہاؤس میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے میوزیکل نائٹ کے اشتہارات چھپوا رہے ہیں
