روس نے پاکستانی معیشت کی بہتری میں کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے

روس نے پاکستانی معیشت کی بہتری میں مزید کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں ایک وفد جلد اسلام آباد کا دورہ کرے گا۔ذرائع کے مطابق رشین فیڈریشن کے وزیر برائے تجارت و صنعت ڈینس منٹورو کی سربراہی میں ایک وفد جلد پاکستان آئیگا اور دونوں ممالک کے درمیان معیشت، تجارت، سائنسی اور تکنیکی آپریشن پر مذاکرات ہوں گے۔ذرائع اکنامک افیئرز ڈویژن کے مطابق روس قومی ایئرلائن پی آئی کیلئے سخوئی سپر جیٹ 100 مسافر طیاروں کی پیشکش کرے گا اور یہ طیارے خریداری اور لیز پر دستیاب ہوں گے اطلاعات ہیں کہ ماضی میں روس نے پاکستان اسٹیل ملز کے حوالے سے تین آپشنز کی پیشکش کی تھی جن میں اس کی ریاستی ملکیتی کمپنیاں جی ٹو جی معاہدے کے تحت اس کی تجدید کریں گی اور پھر اسے پاکستان کے حوالے کردیا جائے گا۔روس نے پاکستان اسٹیل ملز کی تعمیر نو میں متعدد بار مدد کی خواہش ظاہر کی ہے تاکہ اسے معاشی طور پر قابل عمل بنایا جائے اور وہ پاکستان کے توانائی شعبے میں کردار ادا کرے۔ روس کوئٹہ سے لے کر تفتان تک ریلوے ٹریک بھی تعمیر کرنا چاہتا ہے۔خیال رہے کہ اس قبل بھی روس نے پاکستانی ترقی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان اسٹیل ملز، او جی ڈی سی ایل، گڈو اور مظفرگڑھ پاور پلانٹس اور مینار پاکستان کی تعمیر بھی روس نے کی تھی۔

اپنا تبصرہ لکھیں