مشہورسعودی فوڈ چین ”البیک “ کا پاکستان میں اپنی برانچز کھولنے کو تیار،اس حوالے سے سعودی کمپنی البیک اورپاکستانی گیس اینڈ آئل کمپنی “GO” کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ،معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب گزشتہ روز اسلا م آباد میں ہوئی جہاں سعودی وزارت سرمایہ کاری کی سرپرستی میں سعودی کمپنی البیک اور پاکستانی گیس اینڈ آئل کمپنی کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے۔تفصیلات کے مطابق جدہ میں 1974 میں قائم ہونے والا البیک بروسٹ چکن کیلئے مشہور ہے اور اس کی سعودی عرب، بحرین سمیت دیگر ممالک میں 120 سے زیادہ شاخیں قائم ہیں۔البیک نے جدہ سمیت سعودی عرب میں رہنے والے دوسرے ممالک کے باشندوں کو اپنے ذائقے کی وجہ سے اپناگرویدہ بنایا ہے ۔
پاکستان میں البیک کو لانے میں توانائی کے شعبے میں ایک سرکردہ پاکستانی کمپنی گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ کا اہم کردار ہے۔دونوں کمپنیوں کے درمیان ہونے والے معاہدے سے قومی برآمدات کو بڑھانے میں اہم قدم ہے جو کہ سعودی عرب کے ویژن 2030ء کی عکاسی کرتا ہے جہاں عالمی سطح پر سعودی تجارتی توسیع کے نئے افق کھولے جائیں گے۔ پاکستانی گیس اینڈ آئل کمپنی کے نمائندہ کا کہنا ہے کہ سعودی کمپنی کے ساتھ مفاہمت پر کرنے کا مقصد پاکستان میں البیک ریستوان کو قائم کرنے اور اسے چلانے میں سٹرٹیجک شراکت داری کو فروغ دینا ہے۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے دورے پر سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں آنے والے وفد نے اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی موجودگی میں2.2 ارب ڈالرکے مختلف معاہدوں کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں ۔ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان اپنے قریبی دوست ممالک اور خطے کے دیگر اتحادیوں کے ساتھ قریبی اقتصادی تعلقات و تعاون کو کومزید بڑھانا چاہتا ہے جس کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری کومزید فروغ دینا اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کی جانب راغب کرکے اپنی 350بلین ڈالر کی معیشت کو مزید مستحکم کرنا ہے کیونکہ پاکستان اس وقت طویل اور مشکل معاشی بحران کا شکار ہے جس کے باعث پاکستانی زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک بڑی کمی دیکھنے آئی اور پاکستانی معیشت و کرنسی زوال کا شکار ہوئی ۔پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے معاہدوں کے باعث پاکستانی معیشت اور زرمبادلہ کے ذخائر خاطر خواہ اضافہ ہوگا جس سے پاکستانی معیشت میں بہتری کے امکانات بڑھیں گے۔