پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نےاسلام آباد میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان حکومت کی کونسل کے 23ویں اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کی حکومت اور عوام کو مبارکباد پیش کی ہے۔ جمعرات کو پاکستان کے فارن سروس ڈے کے موقع پر جاری ہونے والے ایک بیان میں سفیر رضا امیری مقدم نے اس اجلاس کو منظم انداز میں منعقد کرنے اور خوش اسلوبی سے انجام دہی کو یقینی بنانے میں پاکستان کے سکیورٹی اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ اہم کانفرنس کی میزبانی مختلف ممالک کی شرکت سے علاقائی کثیرالجہتی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس سے تخلیقی اقدامات کے لیے راہ ہموار ہوتی ہے اور ابھرتی ہوئی عالمی اور علاقائی پیش ہائے رفت کے حوالے سے رہنمائی میں مثبت، فعال کردار کو بھی فروغ دیتا ہے۔
انہوں نے نہ صرف ارکان کے مابین بلکہ شنگھائی تعاون تنظیم اور دیگر علاقائی اور عالمی کثیرالجہتی نظام کے درمیان امن، استحکام، ترقی اور اعتماد کی فضا پیدا کرنے میں شنگھائی تعاون تنظیم کی اہمیت پر زور دیا ۔
ایرانی سفیر نے ایران اور پاکستان کے ساتھ ساتھ دیگر رکن ممالک کے درمیان اقتصادی، سیکورٹی اور سیاسی شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کے وسیع مواقع پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ کثیرالجہتی اقدامات بہتر تعاون اور باہمی مفاد کے لیے نئی راہیں کھولیں گے۔