اختیار ولی کے حالیہ غیر شائستہ اور غیر جمہوری رویے کی شدید مذمت

راولپنڈی،
پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے نائب صدر انجینئر افتخار چوہدری نے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے ن لیگ کے ایم پی اے اختیار ولی کے حالیہ غیر شائستہ اور غیر جمہوری رویے کی شدید مذمت کی ہے۔ نجی ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام کے دوران اختیار ولی نے تحریک انصاف کے رہنما نعیم پنجوتھا کے خلاف نہ صرف غیر اخلاقی زبان استعمال کی بلکہ غصے میں آ کر ان پر تشدد کرنے کی کوشش بھی کی۔ ان کے اس اشتعال انگیز عمل کے جواب میں انہیں سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا۔
انجینئر افتخار چوہدری نے ن لیگ کے اس رویے کو ان کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر سیاسی میدان میں شکست کھانے کے بعد ن لیگ کے رہنما اب سیاسی ماحول کو خراب کرنے پر اتر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی حرکتیں جمہوری اقدار اور اخلاقیات کے خلاف ہیں اور ان کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ن لیگ کے رہنما ماضی میں بھی ایسے واقعات میں ملوث رہے ہیں۔ 2015 میں شکیل اعوان نے ایک ٹی وی پروگرام کے دوران ان پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی تھی، جس کا انہیں سخت جواب دیا گیا تھا۔ انجینئر افتخار چوہدری نے واضح کیا کہ اگر عمران خان یا تحریک انصاف کے رہنماؤں پر مزید ذاتی حملے کیے گئے تو ن لیگ کی قیادت کو بھی اس کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔
انہوں نے نواز شریف، شہباز شریف، اور مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جماعت کے ان اشتعال انگیز رہنماؤں کو لگام دیں ورنہ اس قسم کی سیاست پاکستان میں مزید تقسیم اور نفرت کا باعث بنے گی۔ انہوں نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی بھی تلقین کی لیکن ساتھ ہی خبردار کیا کہ اگر سیاسی مخالفین نے حدود پار کیں تو جواب دینا تحریک انصاف کا حق ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں