نظریہ پاکستان صرف اور صرف چوہدری رحمت علی ہیں

خالقِ نظریہ پاکستان چوہدری رحمت علی کی برسی پورے ملک میں عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ اس موقع پر سب سے بڑی تقریب رحمت علی سوسائٹی اور انجمن گجراں کے زیر اہتمام ایوان گجراں لاہور میں منعقد ہوئی، جس کی صدارت چوہدری سلیم الٰہی نے کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی معروف کالم نگار اور پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر انجنیئر افتخار چوہدری تھے۔

انجنیئر افتخار چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ چوہدری رحمت علی نے سب سے پہلے دو قومی نظریہ پیش کیا، مگر تاریخ میں کچھ نام نہاد دانشوروں نے انہیں محض لفظ “پاکستان” کا خالق قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری رحمت علی کوئی فال نکالنے والے نہیں تھے، بلکہ ایک مدبر اور عظیم نظریہ ساز تھے، جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک الگ ریاست کا خاکہ پیش کیا۔ افسوس کہ آج بھی پاکستان کے طلبہ کو تاریخ کے نام پر فیک نیوز پڑھائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علامہ اقبال امتِ مسلمہ کی نشاطِ ثانیہ کے خالق ضرور ہو سکتے ہیں، لیکن خالقِ نظریہ پاکستان صرف اور صرف چوہدری رحمت علی ہیں۔

تقریب میں دیگر معزز شخصیات نے بھی اظہارِ خیال کیا، جن میں میاں ابراہیم عمر کسانہ، چوہدری نثار ایڈووکیٹ، جمیل کھٹانہ، زبیر بن عمر اور دیگر شامل تھے۔ مقررین نے چوہدری رحمت علی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ان کے نظریات پر عمل کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

تقریب کے اختتام پر مفتی نعیم نوری نے دعا کرائی اور شہدائے بلوچستان کے لئے خصوصی دعا کی گئی

اپنا تبصرہ لکھیں