عوام بھارتی جارحیت، ہرزہ سرائی اور اُس پر طاری پاکستان فوبیا کی مزاحمت کے لیے تیار

نائب امیر جماعتِ اسلامی، لیاقت بلوچ نے کہا کہ 25 کروڑ عوام بھارتی جارحیت، بھارت کی ہرزہ سرائی اور اُس پر طاری پاکستان فوبیا کی مزاحمت کے لیے تیار اور ہر قربانی دیں گے۔ صرف جعفر ایکسپریس ہی نہیں پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کے ہر سانحہ کے ماسٹر مائنڈز امریکہ، بھارت اور اسرائیل کی ناپاک تثلیث ہے۔ پاکستان میں ہونے والے دہشت گردی واقعات کے ٹھوس شواہد حکومت کے پاس موجود ہیں تو اُنہیں اقوامِ متحدہ اور عالمی عدالتِ انصاف میں جانا چاہیے۔ یہ امر اب پورے خطہ اور دُنیا پر عیاں ہے کہ بھارت اور اسرائیل امریکی سرپرستی میں جنگ، نسل کُشی اور بےگناہ نہتے انسانوں کے قتلِ عام کا مکروہ کھیل کھیل رہے ہیں۔ اِن حالات میں حکومت بجلی، گیس، تیل کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دے تو عوام کے جذبہ حب الوطنی میں چار گنا اضافہ ہوجائے گا۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل گِراوٹ کا سامنا ہے، اس لیے حکومت یہ کام بلاتاخیر کرلے، ورنہ عوام کو نچوڑ کر آئی ایم ایف کی اور اپنی جیبیں بھرنے کی روِش اُسے لے ڈوبے گی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ 25 سال سے انجینئرڈ انتخابات، پہلے سے تیارشدہ جعلی نتائج اور عوامی مینڈیٹ کی چوری قومی سلامتی، جمہوریت، بنیادی انسانی حقوق کے لیے انتہائی مہلک ثابت ہوئے ہیں۔ پنجاب، اسلام آباد اور کوئٹہ کے عوام بلدیاتی انتخاب، شہری حقوق سے محروم ہیں۔ الیکشن کمیشن کا قومی آئینی ادارہ مفادات، سِول ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے آہنی شکنجہ میں دم توڑ رہا ہے۔ سیاسی بحرانوں کا خاتمہ ملک و مِلت کے لیے استحکام لائے گا۔ عوام کے بااعتماد جمہوری حق کی بحالی ہی عوامی اعتماد کو بحال کرے گی۔ سرمایہ دارانہ استحصالی نظام ملک کی غالب اکثریت کے وسال اور حقوق ہڑپ کررہا ہے۔ یکم مئی یوم مزدور کو محنت کش سرمایہ دارانہ، جاگیردارانہ، مفادپرست استحصالی کرپٹ نظام کے خلاف متحد ہوجائیں۔ کِسانوں، محنت کشوں اور نوجوانوں کے لیے جماعتِ اسلامی ہی واحد بااعتماد آپشن ہے۔
لیاقت بلوچ نے کراچی میں عوامی، شہری حقوق کی پامالی، کرپشن اور بلدیاتی اداروں کی تباہی پر افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں جعلی قبضہ میئرشپ ناکام ہوچکی، کراچی کے لیے حقیقی میئرشپ ضروری ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں جیالا میئر لانے کے لیے زور زبردستی جعلی اور خریدے ہوئے مینڈیٹ سے منزل تو پالی لیکن کراچی کے 3 کروڑ عوام کی قسمت کھوٹی ہوگئی۔ پیپلز پارٹی اپنی ناکامی اور نااہلی تسلیم کرے اور بلدیاتی انتخابات میں حقیقی مینڈیٹ اور حقیقی میئر کی حقیقت اور ضرورت کو تسلیم کیا جائے۔ کراچی کے باشعور عوام سے بھونڈا مذاق بند کیا جائے، کراچی کو جماعتِ اسلامی اور حقیقی مینڈیٹ ہی ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرسکتا ہے۔