اداروں کے خلاف بیانات ناقابلِ قبول ہیں: انجینئر افتخار چوہدری


گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے نائب صدر انجینئر افتخار چوہدری نے گوجرانوالہ میں ایک نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کے حالیہ بیان کی پرزور مذمت کی ہے، جس میں انہوں نے قومی اداروں اور ایجنسیوں پر تنقید کی۔ انجینئر افتخار نے کہا کہ بلاول نے وہی زبان استعمال کی ہے جو دو ہفتے قبل خواجہ آصف نے اپنائی تھی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ادارہ مخالف بیانیے پر متفق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج اور آئی ایس آئی کے ساتھ ہے۔ اداروں کے خلاف بولنے والے دراصل پاکستان کے دشمنوں کے بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں۔ انجینئر افتخار نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی یہی عناصر فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، گندے نعرے لگاتے اور اپنی سیاست چمکانے کے لیے ملک دشمن بیانات دیتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کا واضح مؤقف ہے کہ “فوج ہماری ہے” اور تحریک انصاف ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اداروں کی بہتری کے لیے کوشاں ہے۔
انجینئر افتخار چوہدری نے کہا کہ پاکستانی قوم جاگ چکی ہے اور کسی کو بھی اداروں کے خلاف زہر پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔