اسلام آباد—-جمعیت علماء پاکستان کا مرکزی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس کی صدارت مرکزی صدر حضرت علامہ ڈاکٹرابو الخیر محمد زبیر نے کی۔ اجلاس میں مرکزی نائب صدر امیر شریعت تاجدار چورا شریف، پیر سید سعادت علی شاہ سجادہ نشین چورا شریف، مرکزی سیکرٹری جنرل سید صفدر شاہ گیلانی ،صوبائی نائب صدر علامہ ابرار حسین قادری نقشبندی، اور معروف مذہبی و روحانی شخصیت خواجہ قطب الدین سیالوی (سیال شریف) نے خصوصی شرکت کی۔
اجلاس میں ملکی صورتحال، پاک بھارت تعلقات، اور خطے میں امن و استحکام کے موضوعات پر سیر حاصل گفتگو کی گئی۔ شرکاء نے افواجِ پاکستان کو ازلی دشمن بھارت کو تاریخی شکست دینے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی اور پوری قوم کی جانب سے افواجِ پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
علماء و مشایخ نے وطن عزیز کو صحیح معنوں میں ایک اسلامی و فلاحی مملکت بنانے کے لیے نظامِ مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ اور اتحادِ امت کی جدوجہد کو مزید تیز کرنے پر مکمل اتفاق رائے ظاہر کیا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ بالخصوص مشایخ، علمائے کرام اور سوسائٹی کے فعال افراد کو قومی دھارے میں مؤثر طریقے سے متحرک کرنے کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
شرکاء نے حکومتِ پاکستان سے مظلوم فلسطینیوں کی اخلاقی، سفارتی و انسانی حمایت کے لیے مؤثر پالیسی وضع کرنے کا مطالبہ کیا۔
اسی کے ساتھ ساتھ آئندہ بجٹ میں عوام کو حقیقی ریلیف دینے اور مہنگائی کے بوجھ میں کمی کے لیے بھی حکومتی سطح پر فوری اقدامات کی اپیل کی گئی۔
اجلاس کے اختتام پر ملکی سلامتی، شہداء کے درجات کی بلندی، اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی