آپریشن بنیان مرصوص

مسلح افواج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے خلاف بنیان مرصوص آپریشن کیا۔ الحمد للہ پاکستان کی مسلح افواج نے قوم سے کیا ہوا وعدہ پورا کردیا اور دشمن کو منہ توڑ جواب دیا۔ پاک فضائیہ اور پاک بحربہ کے سینئر افسروں کے ساتھ ذرائع ابلاغ کو دی گئی بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات بھارتی جارحیت کے باعث بچوں اور عورتوں سمیت بے گناہ شہری شہید ہوئے۔ ہمارے دل اور ہمدردیاں شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ بھارت نے جارحیت کر کے بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہایا۔ ملک کے عوام، جوانوں اور سیاسی قیادت کے شکرگزار ہیں جو آپریشن بنیان مرصوص پر ریاست کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ ہم نے سورت گڑھ، سرسہ، آدم پور، اونتی پورہ، اودھم پور، پٹھان کوٹ میں اہداف کو نشانہ بنایا۔ پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والے 26 عسکری اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ دو مقامات پر بھارت کے ایس 400 بیٹری سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا گیا۔ پاکستان نے کامیابی سے اڑی نیٹ ورکس اسٹیشن اور پونچھ راڈار کو نشانہ بنایا۔ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے فتح سے نوازا۔
ایک طرف پاکستان کی مسلح افواج کے افسروں نے فخر سے سر اٹھا کر پریس بریفنگ دی تو دوسری جانب نئی دہلی میں ہونے والی پریس بریفنگ کے دوران پاکستان سے شکست پر بھارتی فوجی افسران کے چہروں پر ہوائیاں اڑی ہوئی تھیں۔ بریفنگ میں بھارتی فوجی افسران سوالوں کے جواب نہ دے سکے۔ بھارتی افسران سے رافیل طیاروں کی تباہی کے بارے میں دو بار سوال کیا گیا۔ بھارتی افسران نے ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے کہا کہ سوال سے متعلق رائے نہیں دے سکتے۔ بھارتی ائر مارشل نے ڈھکے چھپے الفاظ میں رافیل گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگر رافیل گرنے کی کھل کر تصدیق کردوں تو پاکستان کا فائدہ ہو سکتا ہے۔ بھارتی فوجی افسران نے پاکستان کی جانب سے پہنچنے والے نقصانات کا بھی اعتراف کیا۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل راجیوگھئی نے کہا کہ نقصانات جنگ کا حصہ ہیں، فوری تفصیل نہیں بتا سکتے۔

h

اسی طرح، یورپ کی دفاعی تجزیاتی ویب سائٹ نے اینٹی ائر کرافٹ سسٹم ایس 400 کی پاکستان کے ہاتھوں تباہی پاک بھارت جنگ کا سب سے بڑا واقعہ قرار دے دیا اور چینی جنگی طیاروں کی مانگ بھی بڑھ گئی۔ بلغاریہ ملٹری ریویو کے مطابق، پاکستانی جوابی حملے میں ایس 400 کی تباہی ہوئی ہے تو یہ سب سے زیادہ ہائی پروفائل واقعہ ہے۔ آدم پور بیس شمالی بھارت کا مرکزی بیس، سخوئی اسکواڈرن مرکز اور سرحد سے 100 کلومیٹر دور ہے۔ دفاعی تجزیاتی ویب سائٹ میں کہا گیا ہے کہ انتہائی اہم ائر بیس پر روسی سسٹم کی تباہی سے بھارتی دفاع کمزور پڑ گیا، پاکستان نے ہائپر سونک، جے ایف 17 تھنڈر میں لگایا ہے تو پاک فضائیہ کے حملے کی صلاحیت بہت بڑھ گئی۔ بلغاریہ ملٹری ریویو کے مطابق، ہو سکتا ہے کہ پاکستان نے چین کے ہائپر سونک میزائلوں کا مقامی ماڈل تیار کیا ہو، ایس 400 کی تباہی کے بھارت کی دفاعی حکمت عملی پر دور رس نتائج ہوں گے۔

h

ادھر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اپیل پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے اور آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اتوار کو ملک بھر میں یومِ تشکر منایا گیا۔ وطن عزیز کی سلامتی، سالمیت اور استحکام کے لیے اجتماعی دعائوں اور نوافل کا اہتما م کیا گیا۔ اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر بجا لایا گیا۔ شہداء اور غازیوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور دشمن پر لرزہ طاری کرنے والی بہادر افواج پاکستان کی بے مثال بہادری کو خراج تحسین پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پوری قوم کے حوصلے اور وحدت کو سراہا گیا۔