وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ختم ہو گیا، اجلاس کے دوران اتحادی جماعت جی ڈی اے نے آئی جی سندھ کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کر دیا۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس کے دوران آئی جی سندھ کی تعیناتی کے معاملے پر اتحادی جماعت گرینڈ ڈویلپمنٹ الائنس (جی ڈی اے) اراکین نے اعتراض کر دیا۔ذرائع کے مطابق حکومتی اراکین سندھ نے بھی آئی جی سندھ کے معاملے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا جس کے بعد اراکین کے اعتراض پر گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیراعلی سندھ سیّد مراد علی شاہ میں مزید مشاورت کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، متعدد نکات کی منظوری دی گئی، وفاقی کابینہ میں اسلحہ لائسنس کے اجراء کے لئے قواعد و ضوابط کا بھی جائزہ لیا گیا ، 50 لاکھ گھروں کے معاملے پر معاہدے پر دستخط کا معاملہ موخر کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے انرجی کے فیصلوں کی توثیق کردی ہے، وفاقی کابینہ نے اوگرا کے وائس چیرمین کے عہدے کی منظوری دے دی ہے۔ذرائع کے مطابق ادارہ جاتی اصلاحات پر ہونیوالی پیشرفت کی رپورٹ بھی پیش کردی گئی، بچوں کے حقوق کیلیے نیشنل کمیشن بنانے کی منظوری دے دی گئی، وفاقی حکومت کی جگہ متعلقہ اتھارٹی لکھنے کی قواعد کی منظوری دے دی گئی۔
