لانگ مارچ ہوگا تو اسلام آباد بھرپور میزبانی کرے گا ، نصراللہ رندھاوا
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ حکومت نے ایران امریکہ جنگ کے دوران عوام کو ریلیف دینے کے بجائے پٹرولیم لیوی کے ذریعے ان پر مزید بوجھ ڈال دیا۔ بجٹ میں مقررہ لیوی سے 150 ارب روپے زائد وصول کیے گئے، جبکہ گزشتہ برسوں میں تقریباً 500 ارب روپے لیوی جمع کرنے کے باوجود کسی آئل ریفائنری کو مطلوبہ طور پر اپ گریڈ نہیں کیا گیا۔ پٹرولیم لیوی کا مقصد ریفائنریوں کو اپ گریڈ کرنا تھا، مگر یہ رقم عوام پر بوجھ ڈالنے کا ذریعہ بن گئی ہے۔ حکومت اور بیوروکریسی مذاکرات میں ہمارے سوالات کا جواب دینے میں ناکام رہی ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے دفتر جماعت اسلامی اسلام آباد میں پریس کانفرینس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر جماعت اسلامی یوتھ صہیب عثمان، سیکرٹری پولیٹیکل آفیئر عامر بلوچ اور سیکرٹری اطلاعات رب نواز ملک بھی موجود تھے۔
اسلام آباد: نصراللہ رندھاوا نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے، حکومت عوام کو لوٹنا بند کرے اور اپنے شاہانہ اخراجات میں کمی کرے۔ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ عوام کو حقیقی ریلیف ملنے تک جدوجہد جاری رہے گی۔ کل آبپارہ چوک میں اسلام آباد کی تاریخ کا خواتین کا بڑا احتجاج ہوگا، جس میں ہزاروں خواتین اپنے حق کے لیے آواز بلند کریں گی۔ حکومت کو بالآخر حقائق اور عوامی دباؤ کے سامنے گھٹنے ٹیکنے پڑیں گے۔
اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نے کہا کہ عوامی حقوق کی اس جدوجہد میں اسلام آباد آنے والے لانگ مارچ کے شرکاء ہمارے مہمان ہیں، جماعت اسلامی ان کا بھرپور استقبال اور حتی المقدور مہمان نوازی کرے گی۔ حافظ نعیم الرحمن اسلام آباد آنے کا اعلان کریں، ہم ان کا بھی بھرپور استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول سستا ہوگا تو عوام خوشحال ہوگی، معیشت کا پہیہ چلے گا اور عام آدمی کو حقیقی ریلیف ملے گا۔
