نیشنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف ریکارڈ تعداد میں شکایات موصول ہوئیں، جبکہ لائسنس ہولڈرز کو موقع پر جاری کیے جانے والے جرمانوں کی تعداد میں بھی 15 فیصد اضافہ ہوا۔
این ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ نئے اعداد و شمار کے مطابق ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف شکایات میں 6 فیصد اضافہ ہوا۔ 2025 میں مجموعی طور پر 1,815 شکایات درج کی گئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 106 زیادہ ہیں۔
شکایات میں سے 54 فیصد کرایوں کے تنازعات سے متعلق تھیں، جبکہ 22 فیصد شکایات ٹیکسی کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق معاملات، 20 فیصد ڈرائیوروں کے رویے اور 4 فیصد ٹیکسیوں کی حالت کے بارے میں تھیں۔
ٹیکسی کی حالت کے علاوہ شکایات کی تمام اقسام میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ گاڑیوں کی حالت سے متعلق شکایات کی تعداد 98 سے کم ہو کر 75 رہ گئی۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق تحقیقات کے بعد تقریباً ہر 10 میں سے 6 شکایات کے معاملے میں مزید کارروائی ضروری یا ممکن نہیں سمجھی گئی۔
