بھارت کے یوم آزادی پر آج مقبوضہ کشمیر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے، کُل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی یوم سیاہ منانے کی کال پر تمام آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں نے حمایت کا اعلان کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج بھارت مخالف مظاہرے کریں گے اور دنیا کی توجہ مقبوضہ علاقے میں جاری بھارتی مظالم کی طرف مبذول کرائی جائے گی۔قابض بھارتی انتظامیہ نے مقبوضہ وادی بالخصوص سری نگر کو مکمل طور پر فوجی چھانی میں تبدیل کر دیا ہے۔ سرینگر کے بخشی اسٹیڈیم کے گرد کئی حصار پر مشتمل سیکیورٹی تعینات کی کئی ہے، گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی سخت تلاشی لی جارہی ہے۔واضح رہے کہ بخشی اسٹیڈیم میں بھارتی یوم آزادی کی نام نہاد مرکزی تقریب ہو گی۔
