پاکستان میں سات ہزار مریض، 135 ہلاکتیں


پاکستان میں کورونا وائرس کے 500 نئے کیسز آئے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مرنے والوں کی کل تعداد 135 تک پہنچ گئی ہے۔جمعے کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پاکستان کے صوبہ پنجاب میں متاثرین کی کل تعداد تین ہزار تین سو سے بڑھ گئی ہے۔سندھ میں دو ہزار سے زائد جبکہ خیبر پختونخوا میں ایک ہزار سے زائد کیسز ہیں۔ ملک میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 765 ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں گزشتہ ایک ماہ سے لاک ڈاؤن ہے اور اس کی مدت میں توسیع کی جا چکی ہے۔گزشتہ ہفتے پاکستان کے وزیراعظم نے زراعت اور تعمیراتی صنعت کو کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک گیر لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کر دی تھی۔معاشی بدحالی کے شکار ملک کے لیے عالمی مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے ڈیڑھ ارب ڈالر کے قرض کی نئی قسط جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔پاکستان میں طبی شعبے سے منسلک افراد نے حفاظتی لباس کی عدم دستیابی کی شکایت کی ہے جبکہ شہریوں کی جانب سے بے روزگاری اور لاک ڈاؤن میں اشیائے ضروریہ کی قلت کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔ملک بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے اور ہزاروں افراد اپنے آبائی علاقوں اور گھروں سے دور محصور ہیں جبکہ سرکاری ہسپتالوں کو صرف کورونا کے مریضوں کے لیے مختص کرنے کی وجہ سے دیگر امراض کا شکار افراد مشکل میں ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں