علامہ اقبالؒ کی شاعری نے نوجوانوں میں بیداری پیدا کی

نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے یومِ اقبال کے موقع پر جوہر آباد، لاہور میں تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبالؒ کی شاعری نے نوجوانوں میں بیداری پیدا کی، دُنیا نے تسلیم کیا کہ تباہ حال اُمّت کو جس مسیحا کی تلاش تھی وہ آگیا، علامہ اقبالؒ شاعر، فلسفی اور اتحادِ اُمّت کے وہ داعی جس نے زمانے پر اپنا سکہ بٹھادیا۔ علامہ اقبالؒ عہدِ حاضر میں اسلامی فِکر اور بین الاقوامی سطح پر اسلامی بصیرت کے مظہر تھے۔ اب یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ علامہ اقبالؒ عہدِ جدید کے زبردست مفکرِ اسلام، مجدٗدِ ملٗت اور اسلامی انقلاب کے سب سے بڑے داعی تھے۔ علامہ اقبالؒ نے مسیحا بن کر مردہ قوم میں زندگی کی لہر دوڑادی۔ برصغیر کی سیاست اور معاشرت پر علامہ اقبالؒ کے کلام، قائداعظمؒ کی دانش مندانہ قیادت اور مولانا سیّد ابوالاعلیٰ مودودیؒ کی فکر کے گہرے اثرات ہیں۔ علامہ اقبالؒ نے خودی، شاہین، فقر، ستاروں پر کُمند کے استعاروں اور عنوانات سے مِلّتِ اسلمیہ کی شاندار رہنمائی کی۔ ایران کے علاوہ اسلامی دُنیا اور یورپ میں اقبالؒ کی شاعری اور فسلفہ کا سکہ تسلیم کیا جاتا ہے۔ حکمرانوں، پالیسی سازوں، قومی قیادت کا فرض ہے کہ خود بھی علامہ اقبال کی فِکر، دوقومی نظریہ کو تسلیم کریں اور نئی نسل کو اس سے آشنا کریں۔ دوقومی نظریہ، اسلام کا آفاقی نظام اور اتحادِ اُمت ہی مسلمانوں کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ ہے۔
لیاقت بلوچ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جماعتِ اسلامی کے رہنما مولانا سلیم اللہ بلوچ کے بیٹے کی ولیمہ تقریب کے عوامی نمائندہ اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام ہی مِلّتِ اسلامیہ کے مسائل کا حل ہے، قرآن و سُنت کے احکامات سے انحراف اور تفرقوں، مسلکی شدّت، عدم برداشت کے رویوں نے عالمِ اسلام اور پاکستان کو بڑے مسائل سے دوچار کردیا ہے۔ فلسطین غزہ میں امریکہ، اسرائیل نے قتلِ عام، نسل کُشی سے غزہ کو تباہ کردیا لیکن فلسطینیوں کی قربانیوں، استقامت نے پوری دُنیا کو بیدار کردیا۔ امریکی صدر ٹرمپ، اسرائیل جنگی مجرم نیتن یاہو اور برطانیہ کے بھارتی نژاد وزیراعظم رشی سوناک کی سیاست فلسطینیوں کے قتلِ عام کے جرم میں ڈوب گئی ہے۔ مکہ دفاعی معاہدہ کا خیرمقدم کرتے ہیں لیکن پاکستان، افغانستان، ایران کے خلاف امریکی۔، اسرائیلی عزائم اور سعودی عرب کے ساتھ یمن کے حوثیوں کے تنازعات کے حل کےلئے عالمِ اسلام کا اتحاد ہی پائیدار حل ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی اپنی سیاست ڈانواڈول ہے، حالیہ مڈٹرم الیکشن میں امریکی عوام نے ٹرمپ کی پالیسیوں کے خلاف ووٹ دے کر مسترد کردیا ہے، اب وہ عالمی سطح پر کوئی رول ادا کرنے کے قابل نہیں رہے، عالمِ اسلام کو خود ہی اپنے مسائل حل کرنا ہونگے۔
لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج، ایمرجنسی کا نفاذ آئینی اختیارات کا بدنیتی پر مبنی غیرجمہوری آمرانہ استعمال ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام اور پی ٹی آئی کے کارکنان نے صوبہ میں حکومت کی معطلی پر عمومی طور پر سُکھ کا سانس لیا، یہ امر پی ٹی آئی قیادت کےلئے باعثِ تشویش اور لمحہ فکریہ ہونا چاہئے۔ جماعتِ اسلامی اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس کا دعوت نامہ، ایجنڈا ملنے پر اپنے وعدے کے مطابق شرکت کرے گی