اسلام آباد——-
نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کے دسویں دور میں معاہدے کے بنیادی نکات (Outlines) طے ہو گئے، حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کے درمیان ممکنہ ملاقات میں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار لیاقت بلوچ نے منگل کو وزارت خارجہ میں حکومتی مذاکراتی ٹیم سے مذاکرات کے بعد جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کمیٹی کے ارکان ڈپٹی سیکرٹری سید فراست شاہ ، امیر کے پی شمالی عنایت اللہ خان ، امیر لاہور ضیاالدین انصاری ایڈووکیٹ اور امیر اسلام آباد نصراللہ رندھاوا کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
لیاقت بلوچ نے واضح کیا کہ وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی کے درمیان ممکنہ ملاقات تفصیلی بات چیت ہوگی۔ جس دن محسوس ہوا کہ مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، اسی دن مذاکرات سے باہر آ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منگل کو حکومتی کمیٹی کے ساتھ اہم ترین مذاکراتی دور تھا۔ اس سے پہلے مذاکرات کے 9 راؤنڈ ہو چکے تھے، ہمارے لیے عوام کو ریلیف دلانا اہم ایشو تھا۔ مذاکرات میں دو پہلو سامنے تھے، پہلا عوام کو ریلیف دلوانا اور دوسرا دونوں اطراف سے اس پر اتفاق ہونا ، جماعت اسلامی کی تحریک کا مقصد ہی عوام کو ریلیف دلوانا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت نے تسلیم کیا ہے کہ عالمی صورتحال کی وجہ سے تیل کی مصنوعات کی ترسیل میں مسائل ہیں۔ آج ہم نے طے کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر جاری ریلیف میں وسعت لائی جائے اور اسے جاری رکھا جائے۔ ریلیف کو جاری رکھنے کے لیے آئی ایم ایف سے بات کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہم نے تجویز دی ہے کہ 1000 سی سی تک کی گاڑیوں اور زرعی شعبے کو بھی ریلیف سکیم میں شامل کیا جائے، زراعت کے شعبے میں ٹریکٹرز کو شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کہا ہے کہ لیوی کے خاتمے کا مطالبہ جائز ہے اور اس سے عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں فوری نظر آنے والا ریلیف دیا جائے، ہم نے کہا ہے کہ لیوی کا خاتمہ ہو اور اس کے مرحلہ وار خاتمے کا طریقہ کار طے کیا جائے۔ حکومت نے لیوی کے خاتمے کے لیے آئندہ لائحہ عمل دینے کا کہا ہے اور حکومت نے اپنی مجبوریاں بھی بتائی ہیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت اپنی عیاشیاں اور غیر ترقیاتی فنڈز ختم کرنے کو تیار نہیں ہے۔ ایف بی آر ٹیکس جمع کرنے میں ناکام ہے، پھر یہ سارا خسارہ عوام کی جیبوں پر بوجھ ڈال کر پورا کیا جاتا ہے۔ ایف بی آر کی ناکامیوں کا بوجھ عوام پر پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف عوام کے سامنے آ چکا ہے، ہم نے مذاکرات کے ذریعے اپنا موقف حکومت کے سامنے رکھ دیا ہے۔ اب مرحلہ حتمی اقدامات تک جا پہنچا ہے۔ آج کے مذاکرات میں معاہدے کی ڈرافٹنگ (Drafting) بھی کی ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت کی طرف سے معاہدہ حتمی جواب کے بعد جماعت اسلامی اپنے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی، اس کے بعد ہم فیصلہ کریں گے کہ لانگ مارچ شروع کرنا ہے یا نہیں۔ اگلے بدھ یا جمعرات کو ہمارا اجلاس ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے نتیجے میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ رکا ہے۔ حکومت کا کیا عوامی مینڈیٹ ہے وہ اچھی طرح جانتے ہیں، تاہم مذاکرات تو حکومت سے ہی کرنے ہوتے ہیں۔ حالات سے ہم بھی آگاہ ہیں، عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے، حکمران اپنے اخراجات کم کریں، عوام کو بتدریج مرحلہ وار ریلیف دیں۔
