حکمران اپنی توجہ اور وقت کا بیشتر حصہ بیرونِ ملک دوروں پر ضائع کررہے ہیں

نائب امیر جماعتِ اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی قومی اُمور لیاقت بلوچ نے بھلوال سرگودھا میں کویت سے حافظ حفیظ الرحمن کے بیٹے اور بیٹی کی شادی تقریب اور معروف سینئر ایڈووکیٹ مستنصر چوہدری کے بیٹوں کی تقریبِ ولیمہ میں شرکت اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم معاشرہ میں خاندان کے نظام کی حفاظت و استحکام کےلئے نکاح کا مسنون طریقہ بڑی خیر اور اسلامی اقدار کی ترویج کا ذریعہ ہے۔ والدین کی کوششیں اور اولاد کی رضامندی خاندانوں کےلئے عزت و وقار کا ذریعہ بنتی ہیں۔ نکاح کی سُنت کی پاسداری کے ساتھ اقامتِ دین اور ہر شعبہ زندگی میں اُسوہِ رسولﷺ کی پیروی اختیار کرنے سے ہی اہلِ ایمان ترقی کی پائیدار منازل طے کرسکتے ہیں۔ ریاست، نظامِ تعلیم و تربیت، سماجی اور معاشرتی اقدار نئی نسل کی تباہی کا باعث بن رہی ہیں۔ گھر کی چاردیواری دین کی دعوت، جدید دور کے تقاضوں اور مسائل کی روشنی میں والدین، خاندان کے بزرگوں اور اولاد کے درمیان ڈائیلاگ اہلِ خاندان اور اسلامی تہذیب و ثقافت کی حفاظت کا ضامن ہوسکتا ہے۔ اِس موقع پر ڈاکٹر عطاءالرحمن، محمد زبیر گوندل، ڈاکٹر مبشر صدیقی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ حکمران اپنی توجہ اور وقت کا بیشتر حصہ بیرونِ ملک دوروں پر ضائع کررہے ہیں، جبکہ اندرونی مسائل کے حل کےلئے اُن کی کوئی واضح حکمتِ عملی اور توجہ نہیں ہے۔ اِسی لئے عوام کے حقیقی مسائل کو حل کرنے کی بجائے ہائبرڈ نظام اور ہارڈ اسٹیٹ ڈاکٹرائین کے مطابق ریاستی طاقت اور آئین و قانون کی پامالی کے ساتھ اندھی طاقت استعمال کی جارہی ہے۔ امریکہ، اسرائیل، برطانیہ میں ظلم و جبر کا ساتھ دینے والی لیڈرشپ عبرت کا نشان بن گئی ہے۔ امریکہ سے اندھی توقعات باندھ کر عالمِ اسلام کے اتحاد سے مُنہ موڑ کر خود عالمِ اسلام کےلئے نئے مسائل پیدا کرلئے گئے ہیں۔ عالمی محاذ پر اُمت کی قیادت کا درست وژن کے ساتھ اہم ترین ترجیحات پر اتفاق کرلینا ہی بچاؤ کا واحد راستہ ہے۔ دفاع، تعلیم و تحقیق، ٹیکنالوجی اور معیشت کے بنیادی مطالبات پر عالمِ اسلسام کی قیادت یکسوئی پیدا کرے۔ روس کے بعد اب امریکی بالادستی ڈوب رہی ہے، دُنیا میں نئی صف بندی ناگزیر ہے، اسلامی ممالک علاقائی اتحادوں سے بڑھ کر عالمِ اسلام کے اتحاد کو ترجیح دیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا حکومت کی اوۤلین ذمہ داری ہے۔ مہنگی بجلی، مہنگی گیس اور مہنگا تیل، ناقابلِ برداشت ٹیکسوں کا بوجھ، سرکاری محکموں میں کرپشن کا کینسر قومی معیشت کےلئے بڑا روگ ہے۔ آئی پی پیز کےلئے ناجائز مراعات کا خاتمہ، تیل پر لیوی کا خاتمہ اور گیس اِمپورٹ پر مافیاز کے راج کے خاتمہ سے ہی معیشت کا پہیہ رواں دواں رہ سکتا ہے۔ جماعتِ اسلامی کی عوام کو ریلیف دِلانے، زندگی میں آسانی لانے کی عوامی مزاحمت اور جدوجہد رنگ لائے گی