حکمران عوامی مینڈیٹ سے خوفزدہ ہیں

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد انجینئر نصراللہ رندھاوا نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات پر ایک بار پھر شب خون مارا گیا ہے۔ حکمران عوامی مینڈیٹ سے خوفزدہ ہیں اور اپنی ممکنہ شکست کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کر رہے ہیں۔ اسلام آباد کے شہریوں کو ایک بار پھر ان کے جمہوری حق سے محروم کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے امید ہے کہ 26 نومبر کو ہونے والی اگلی سماعت میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول بحال کیا جائے گا تاکہ اسلام آباد کے شہری اپنی مقامی حکومت منتخب کر سکیں اور انہیں اپنے شہر کے معاملات میں جمہوری نمائندگی کا حق حاصل ہو۔ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی اور جمہوری تقاضا ہے، اسے بار بار مؤخر کرنا شہریوں کے حقِ حکمرانی سے انکار کے مترادف ہے۔نصراللہ رندھاوا نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اسلام آباد کے شہریوں کے جمہوری حقوق کے حصول کے لیے اپنی آئینی و قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہم اس معاملے کا پیچھا کریں گے، عوام کو ان کا حق دینا پڑے گا۔ اسلام آباد کے عوام کو مزید ان کے حقِ نمائندگی سے محروم نہیں رکھا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے مسائل کا حل بااختیار بلدیاتی نظام میں ہے۔ تعلیم، صحت، پانی، صفائی اور دیگر شہری مسائل کے حل کے لیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ہوں گے۔ شہر کے فیصلے یہاں کے منتخب نمائندوں کے ذریعے ہونے چاہئیں، اسلام آباد کے عوام کو اپنی مقامی حکومت منتخب کرنے کا حق دیا جائے