ہائبرڈ نظام ناکام ہوگیا

نائب امیر جماعتِ اسلامی، قائمہ کمیٹی سیاسی قومی اُمور کے صدر لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی مشاورتی اجلاس میں کہا کہ ہائبرڈ نظام ناکام ہوگیا، ہائبرڈ نظام کی بالادستی سارے نظام کو تباہ کرچکی ہے۔ اب اِس نظام کے خالق بھی واویلا کررہے ہیں کہ نظام کو زوال آگیا، نظام نہیں چل رہا اور ری سیٹ ضروری ہوگیا۔ 1950ء سے ملک میں سِول مِلٹری اور مفادات کے پُجاری سیاسی دھڑے ملک پر قابض ہیں۔ تعلیم، صحت، بلدیات، امن عامہ، قومی وحدت و یکجہتی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا دیا گیا ہے۔ ملک میں ری سیٹ، نئے انتظامی یونٹس اور اپنے ہاتھوں سے بنائے سیاسی بُت گِرانے کے نئے بیانیہ سے تازہ دم ہوکر یہ کلب اپنے قبضہ کو طوالت دینا چاہتی ہے۔ کوئی نیا تجربہ، طاقت اور قوت سے من پسند حل بحرانوں کو مزید گھمبیر کرے گا۔ ملک کو بحرانوں، مشکلات سے نکالنے اور عوام کے اعتماد کی بحالی کا واحد راستہ قرآن و سُنت اور آئینِ کی بالادستی، انتخابات کے تقدس کی پاسداری، بااختیار بلدیاتی نظام، قومی ڈائیلاگ، قومی ترجیحات، دہشت گردی کے خاتمہ کےلئے ازسرِنو قومی ایکشن پلان پر اتفاقِ رائے اور ملک کے اقتصادی بحرانوں سے نجات کےلئے سُود کے خاتمہ، خودداری، خودانحصاری، اپنے وسائل پر انحصار کے قومی میثاقِ معیشت کےلئے ناگزیر ہوچکا ہے۔ تمام ادارے اور تمام سیاسی جمہوری قوتیں آئینی حدود کی پابندی کا عہد کریں اور عمل کرکے دکھائیں۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت اور جماعتِ اسلامی کی مذاکراتی کمیٹیوں کا کام مکمل ہوچکا، معاہدہ کا مسودہ اب حکومتی کورٹ میں ہے۔ نائب وزیراعظم نے مذاکرات کے آخری راؤنڈ میں اعلان کیا کہ چار پانچ روز میں وہ تمام اُمور کو طے کرلیں گے اور عوام کو ریلیف مِلے گا۔ جماعتِ اسلامی کی جدوجہد کو بڑی کامیابیاں مِل چکی ہیں، حکومت عوامی احتجاج کے سامنے جُھکنے پر مجبور ہوئی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں انتہائی حد پر نہ جاسکٰیں۔ موٹرسائیکل اور چھوٹی گاڑیوں، تھری ویلرز کو پٹرول قیمت میں ریلیف مِلا؛ آئل ریفائنریز کی بےتحاشا منافع خوری اور آئل ریفائن کرنے کے فارمولا کو درست کرنے سے عوام کو ریلیف مِلا؛ لیوی کی مد میں حکومت 40 ارب روپے کا ریلیف دی رہی ہے۔ اِن شاءاللہ! زرعی شعبے کے ٹریکٹرز اور 1000 سی سی گاڑیاں بھی ریلیف پیکج میں شامل ہونگیں اور حکومت ریلیف کی مدت بڑھانے کے عوامی مطالبہ پر آئی ایم ایف سے بات کرے گی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پُرامن جمہوری عوامی مزاحمت نے اپنی طاقت تسلیم کرالی ہے؛ جماعتِ اسلامی نے ہر اشتعال کے مقابلہ میں پُرامن احتجاج کی حفاظت کی ہے۔ لاہور، کوئٹہ، پشاور اور کراچی کے عظیم الشان اور فقید المثال جلسہ عام عوام کو نیا حوصلہ اور عزم دیں گے۔ حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں عوام ظلم، جبر اور کرپشن زدہ نظام کو تبدیل کریں گے