بھارت میں 11 پاکستانی ہندو مہاجرین کے قتل کا مقدمہ سانگھڑ میں درج

بھارت میں 11 پاکستانی ہندو مہاجرین کے قتل کا مقدمہ سانگھڑ میں درج کرلیا گیا، مقدمے میں بی جے پی اور آر ایس ایس کو نامزد کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر جودھ پور میں گزشتہ ماہ قتل ہونے والے گیارہ پاکستانی ہندووں کے قتل کا مقدمہ پاکستان میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ متاثرہ خاندان کی لڑکی شریمتی مکھی کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

شریمتی مکھی نے مقدمے میں بھارتی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی اور دہشت گرد تنظیم آر ایس ایس کو نامزد کیا ہے۔

پولیس کی جانب سے مقدمے میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں جبکہ مقدمے میں حکومت سے عالمی عدالت سے رجوع کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

یاد رہے تھرپار سے تعلق رکھنے والا ہندو خاندان کچھ عرصہ قبل راجھستان میں آباد ہوگیا تھا، ہندو خاندان نے جودھ پور کے علاقے ڈیچو کے لوڈتہ گاؤں میں سکونت اختیار کی تھی۔

مقامی افراد کے مطابق خاندان کے افراد پر اسرار طور پر صبح مردہ پائے گئے، گیارہ افراد کے اموات پر خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ پاکستان سے بھارت جاکر بسنے والوں کو بی جے پی نے قتل کیا۔