اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے سابق صدر اور گروپ چیئرمین کامران عباسی نے کہا ہے کہ پوری تاجر برادری متحد ہو کر مسائل کے حل کے لیے کوشش کرنی چاہیے‘ ہم سب کے لیے پہلی ترجیح یہ ملک ہے اور اس کے مفادات ہیں‘ ہمیں چاہیے کہ ایک سچے اور کھرے پاکستانی کی طرح کام کریں اور اپنے قائد محمد علی جناح کے ویژن کو آگے بڑھائیں انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ بدقسمتی سے قائداعظمؒ کی وفات کے ہمیں ان جیسی قیادت میسر نہیں رہی ملک و قوم کو درپیش مشکلات سے نجات دلانے کی ان میں وہ کمٹمنٹ مفقود ہی رہی جس کے حالات متقاضی ہیں۔ قائد کی جانشینی کے دعوے حکمران بھی عوام کی توقعات اور قومی سلامتی کے تقاضوں پر پورا نہ اتر سکے تو قوم نے 25 جولائی 2018ء کو اقتدار کا تاج پی ٹی آئی اور اسکے قائد عمران خان کے سر سجا دیا جنہوں نے اس ارض وطن کو ریاست مدینہ کے قالب میں ڈھالنے کا اعلان و عہد کرکے درحقیقت بانیانِ پاکستان قائد و اقبال کے وضع کردہ قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کا بیڑہ اٹھایا۔ یہ حقیقت ہے کہ قائداعظم پاکستان کو اسلامی جمہوری‘ فلاحی اور جدید ریاست بنانا چاہتے تھے جس کیلئے قوم نے آج حکومت سے توقعات وابستہ کی ہوئی ہیں جو اس مملکت کو ریاست مدینہ کے قالب میں ڈھالنے کا عزم کرکے درحقیقت اسلامی جمہوری فلاحی مملکت سے متعلق قائد و اقبال کے خواب ہی شرمندہ تعبیر کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ کرپشن فری سوسائٹی کیلئے ان کا تجسس و تردد بھی قائد کے پاکستان کے احیاء کیلئے ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ بھارت نے ایک آزاد مملکت کی حیثیت سے پاکستان کا وجود شروع دن سے ہی قبول نہیں کیا اور نہرو اس زعم میں تھے کہ پاکستان چھ ماہ بھی اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں رہ سکے گا اور واپس بھارت کی گود میں آگرے گا‘ اس مقصد کے تحت ہی برطانوی وائسرائے ہند لارڈ ماؤنٹ بیٹن کے ساتھ گٹھ جوڑ کرکے قطعی بے وسیلہ اور اقتصادی طور پر کمزور پاکستان قائداعظم کے حوالے کیا گیا جبکہ قائداعظم نے اپنی کمٹمنٹ کے تحت اسی کمزور معیشت والے پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرکے دکھایا۔ اگر قائداعظم حیات رہتے تو اسکی سلامتی کیخلاف بھارت کی کوئی سازش پنپ نہ پاتی یہ سازشیں آج جنونی مودی سرکار کے دور میں انتہاء کو پہنچ چکی ہیں جس نے قائداعظم کی قرار دی گئی شہ رگ پاکستان کشمیر پر اپنا مستقل تسلط جما کر گزشتہ 402 روز سے کشمیریوں کو گھروں میں محصور کر رکھا ہے اور پاکستان ہی نہیں پورے علاقے کی سلامتی خطرے میں ڈال رکھی ہے پاکستان کی سلامتی کیخلاف یہ بھارتی عزائم بھانپ کر ہی عساکر پاکستان اپنے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرکمان ہر محاذ پر مستعدد و چوکس ہیں
