وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کو دور دراز علاقوں میں ہسپتال قائم کرنے کے لیے تعاون فراہم کیا جائے گا ، ہماری حکومت کا مقصد مستحق افراد کی مدد کرنا ہے ، اسی لیے ہماری حکومت صحت کے شعبہ میں اصلاحات لائی ، کیوں کہ علاج معالجے کی سہولیات پر ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کو صوبہ پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ کوریج پر بریفنگ دی گئی جس میں ویڈیو لنک کے ذریعے وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد بھی شریک ہوئیں جب کہ بریفنگ میں معاوَن خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس دوران بریفنگ میں وزیر اعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب میں دسمبر2021ء تک صحت کارڈ فراہم کردیے جائیں گے ، 70 لاکھ گھرانوں کو صحت کارڈ کی سہولت میسر ہوگی ، جس کے ساتھ صوبہ پنجاب کے تمام رہائشیوں کو دسمبر 2021ء تک صحت کارڈ کی سہولت میسر ہو جائے گی ، جس کی بدولت سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج ممکن ہو گا، پسماندہ اضلاع بشمول ڈی جی خان اور ساہیوال پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔یاد رہے کہ ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں یونیورسل ہیلتھ کوریج دی جائے گی ،امیر ممالک میں بھی یونیورسل ہیلتھ کوریج نہیں ہوتی ، ہم پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کی جانب بڑھ رہے ہیں ، کوشش ہوگی ملک میں کوئی بھوکا نہ سوئے ، انہوں نے کہا کہ پہلا سال معیشت سنبھالنے میں لگا، دوسرے سال کورونا کا سامنا رہا، پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جنہوں نے کورونا کا کامیابی سے مقابلہ کیا، کورونا کی وجہ سے دنیا میں صحت کے نظام جواب دے گئے ، ہم نے کاروبار دوست پالیسیاں بنانی ہیں ، چین سے ہم بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں کیوں کہ چین نے بہت تیزی سے ترقی کی ، ہماری حکومت نے بھی پاکستان میں صنعتوں کے قیام کیلئے اقدامات کیے ، پاکستان میں موجودہ چینی سفیر میئر رہ چکے ہیں اس لیے وہ تعمیر و ترقی کو سمجھتے ہیں ، چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا جو دنیا کیلئے مثال ہے۔
