حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے قدیم ریلوے اسٹیشن گولڑہ سے سفاری ٹورسٹ ٹرین چلادی۔ تفصیلات کے مطابق سفاری ٹورسٹ ٹرین اسلام آباد کے گولڑہ ریلوے اسٹیشن کے 75 کلومیٹر کے ٹریک پر چلائی گئی ہے ، جس میں شہریوں کے لیے جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کے روز سفاری کوچ اور سیلون میں حسن ابدال اور اٹک خورد تک کی سیر کی سہولت مہیا کردی گئی۔بتایا گیا ہے کہ ٹرین کا افتتاح چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے افتتاح کیا جب کہ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم سواتی بھی موجود تھے۔ دوسری طرف سیاحت کے فروغ کیلئے ملک میں مشکل ترین موٹروے کی تعمیر کا فیصلہ کرلیا گیا ، حکومت نے دیر موٹروے کو سی پیک منصوبے میں شامل کر لیا، منصوبے کو چکدرہ ٹو چترال، چترال ٹو شندور اور شندور ٹو گلگت توسیع دی جائیگی ، تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اعلان کیا ہے کہ چکدرہ ٹو چترال روڈ کو دو رویہ کرنے پر اپریل تک کام شروع کیا جائیگا جبکہ دیر موٹروے کو بھی سی پیک میں شامل کردیا گیا ہے ۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ منصوبے کو چکدرہ ٹو چترال ‘ چترال ٹو شندور اور شندور ٹو گلگت توسیع دی جائیگی جو مستقبل میں ایشیاء ممالک کیلئے گیٹ وے ثابت ہو گا ۔ اس منصوبے کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ دیر اور چترال کا تمام علاقہ دشوار گزار پہاڑی ریجن پر مشتمل ہے، اس لیے یہ ملک میں اب تک تعمیر ہونے والی تمام موٹرویز کے منصوبوں کے مقابلے میں زیادہ مشکل ثابت ہوگا۔بتایا گیا ہے کہ دیر موٹروے منصوبہ سوات موٹروے کا حصہ ہوگا۔ شمالی علاقہ جات تک رسائی کو بہتر بنانے اور سیاحت کے فروغ کیلئے تعمیر کی جانے والی سوات موٹروے کی تعمیر گزشتہ برس مکمل کی گئی تھی۔ سوات موٹروے کسی بھی صوبائی حکومت کی جانب سے تعمیر کی جانے والی موٹروے کا پہلا منصوبہ ہے۔ جبکہ سوات موٹروے فیز 2 کی منظوری بھی دی جا چکی، تعمیر کا جلد آغاز ہوگا۔
