یوان بالا میں کل جماعتوں کی تعداد 13 ہوگئی

سنیٹ انتخابات 2021 کے غیر حتمی نتائج کے بعد سینیٹ کی نئی پارٹی پوزیشن کے مطابق 100 ارکان کے ایوان بالا میں کل جماعتوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف نے ایوان بالا میں 18 نئی نشستیں حاصل کرلیں جس کے بعد ان کی کل 26 نشستیں ہوگئیں، پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا سے 10، پنجاب سے 5، سندھ سے 2 جبکہ اسلام آباد سے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی سینیٹ میں 8 نئی نشستیں جیت گئی، 7 نشستوں پر سندھ جبکہ 1 نشست پر اسلام آباد سے کامیابی حاصل کی اس طرح پیپلزپارٹی 20 نشستوں کے ساتھ ایوان بالا کی دوسری بڑی جماعت بن گئی۔ مسلم لیگ ن نے پنجاب سے 5 نشستیں حاصل کیں، مسلم لیگ ن سینیٹ میں 18 نشستوں کے ساتھ تیسری بڑی جماعت بن گئی ہے۔ بلوچستان عوامی پارٹی 6 نئی نشستیں جیت کر ایوان بالا میں 12 نشستوں کے ساتھ چوتھی بڑی جماعت بن گئی، اسکے علاوہ سینیٹ میں 2 نئے آزاد ارکان آنے سے تعداد ان کی مجموعی تعداد 6 ہوگئی ہے۔جمعیت علمائے اسلام نے بلوچستان سے 2 جبکہ خیبر پختونخوا سے 1 نشست پر کامیابی حاصل کی اور سینیٹ می تین نئی نشستوں کے ساتھ جے یو آئی کے ارکان کی تعداد 5 ہوگئی۔ ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ سے 2 نشستوں پر کامیابی حاصل کی جس کے بعد ایوان بالا میں اس کے نمائندوں کی تعداد 3 ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ ایوان بالا میں نیشنل پارٹی،اے این پی اور پی کے میپ کی دو دو نشستیں ہو گئیں۔مسلم لیگ ق،مسلم لیگ فنکشنل، جماعت اسلامی اور بی این پی مینگل کی سینٹ میں ایک ایک نشست ہوگئی۔ سینیٹ انتخابات 2021ء کے بعد پاکستان تحریک انصاف، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ فنکشنل، مسلم لیگ ق اور 4 آزاد ارکان کی حمایت پر مشتمل حکومتی اتحاد کو 47 ارکان جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن، جمیعت علمائے اسلام، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی، بی این پی، اے این پی جماعت اسلامی اور 2 آزاد ارکان کی حمایت پر مشتمل اپوزیشن ارکان کی تعداد 53 ہوگئی ہے۔ حکومت و اپوزیشن دونوں اپنا چیئرمین سینیٹ لانے کی کوشش کریں گی، حکومت کی جانب سے اگر صادق سنجرانی امیدوار ہوئے تو پھر بھی اپوزیشن کے پاس 50 ووٹ ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کے اسحاق ڈار کی سینیٹ رکنیت معطل ہے، جماعت اسلامی کا اپنی ایک نشست پر غیر جانبدار رہنے کا امکان ہے جبکہ اے این پی کے بلوچستان سے منتخب سنیٹرعمر فاروق چئیرمین سینیٹ کے لیے صادق سنجرانی کو ووٹ دے سکتے ہیں کیونکہ بلوچستان میں اے این پی کا اتحاد صادق سنجرانی کی جماعت بلوچستان عوامی پارٹی سے ہے۔ پی ڈی ایم کی دیگر جماعتوں کی نسبت سینیٹ الیکشن پر واضح موقف رکھنے والی پیپلز پارٹی اپنی حکمت عملی سے گیم میں مکمل داخل ہوچکی ہے۔ چیئرمین سینیٹ کے لیے پیپلز پارٹی اپنے امیدوار کا نام پی ڈی ایم کے سامنے رکھے گی اور یوسف رضا گیلانی پر اتفاق رائے ہونے کی صورت میں متفقہ امیدوار کا اعلان بھی ہوگا جبکہ ڈپٹی چیئرمین کے لیے اپوزیشن کی بڑی جماعت مسلم لیگ ن یا جے یو آئی کے ساتھ مشاورت ہوگی۔