الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکور نے کہا ہے کہ اگر حکومت چاہے توقابلِ اعتماد غیر سرکاری تنظیمیں ویکسی نیشن کے عمل میں معاونت فراہم کرسکتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن کا عمل خوش آئند ہے۔لیکن کورونا وباکے باعث روز بروزبڑھتے کیسزاور شرح اموات اس بات کا تقاضہ کرتے ہیں کہ وسائل کو بڑے پیمانے پر بروئے کار لاتے ہوئے قابلِ اعتماد غیر سرکاری تنظیموں کو اس کا حصہ بنایا جائے تاکہ ویکسی نیشن کا یہ عمل مزید تیز اور موثر انداز میں سرانجام دیا جاسکے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں 42 ہسپتالوں کا وسیع نیٹ ورک رکھتی ہے اورخالصتاََ انسانی ہمدردی کے تحت غیر تجارتی بنیادوں پر اس کام کو سرانجام دینے کے لئے تیار ہے۔ الخدمت کورونا وبا کی ابتدا سے اپنے ہم وطنوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہمارا عزم ہے کہ ہم وبا کے خاتمے تک خدمت کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔
