فلسطین فنڈ کے لیے سراج الحق کو ڈیڑھ کروڑ کا چیک پیش

امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا اور صدر الخد مت فاونڈیشن اسلام آباد حامد محمود اطہر نے اہلیان اسلام آباد کی جانب سے فلسطینی عوام کے لیے اکٹھے کیے جا نے والی ڈیڑھ کروڑ روپے کی امدادی رقم کا چیک امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کو پیش کیا ،اس موقع پر جماعت اسلامی اسلام آباد کے سیکرٹری جنرل زبیر صفدر ،مر کزی میڈیا کوآرڈینیٹر شاہد شمسی بھی مو جو د تھے ۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے جماعت اسلامی ، الخد مت فاونڈیشن اور اسلام آباد کے شہر یوں کو اہل فلسطین کے لیے مالی ایثار کر نے پر مبارکباد پیش کرتے ہو ئے کہا اسرائیلی دہشت گردی اور بمباری سے غزہ و فلسطین کا انفرااسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے اب فلسطین کی تعمیرنو کا مسئلہ درپیش ہے ، جماعت اسلامی اور الخد مت فاونڈیشن اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی اور اس کی تعمیر نو کے لیے جھولی پھیلا کر فلسطینی مسلمانوں کے لئے فنڈ جمع کرر ہی ہے ، انھوں نے کہا الخدمت فاونڈیشن کے رضاکار فلسطینیوں کی امداد کیلئے فلسطین پہنچ چکے ہیں زخمیوں کا علاج ہسپتالوں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے ، سراج الحق نے کہا آج بھی غزہ کے معصوم بچے ہاتھوں پتھر لئے جارح اسرائیلیوں کا مقابلہ کررہے ہیں ان کی مدد کرنا امت مسلمہ پر فرض ہے، اسرائیل کی جارحیت اور کھلی دہشت گردی کے خلاف حماس کے مجاہدین اور اہل فلسطین کی تاریخی مزاحمت اور فتح پر انھیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حماس اور اہل فلسطین کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔