یونائیٹڈ بزنس گروپ کے محسن مقبول شیخ سندھ کی نشست سے بلامقابلہ نائب صدر منتخب

وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان ، ایف پی سی سی آئی کے انتخابات میں یونائیٹڈ بزنس گروپ کے محسن مقبول شیخ سندھ کی نشست سے بلامقابلہ نائب صدر منتخب ہوگئے۔یونائیٹڈ بزنس گروپ ، یو بی جی کے چیئرمین افتخار علی ملک نے محسن مقبول شیخ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے صوبہ سندھ کے تمام چیمبرز نے تعلیم یافتہ اور خدمت کے جذبے سے سرشار شخص کو اپنا قائد منتخب کرکے گروپ کی پالیسیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے جو مقامی، صوبائی اور قومی سطح پر کاروباری برادری کی بھر پور خدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تاجر گروپس کے ساتھ یونائیٹڈ بزنس گروپ کا اتحاد مثبت نتائج برآمد اور ملک بھر میں فیڈریشن کے انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، کے پی کے، سندھ اور بلوچستان کے 80 فیصد رائے دہندگان نے یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پورے پینل کی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر نے کہا کہ ان کے مد مقابل پینل کو پوری کوشش کے باوجود محسن مقبول شیخ کے مقابلے میں پورے صوبے میں کوئی امیدوار نہیں مل سکا کیونکہ تاجروں اور چیمبرز نے سبکدوش ہونے والے ناصر حیات مگوں کی پالیسیوں اور ان کے ون مین شو کو مسترد کردیا ہے۔