سعودی عرب میں انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت نے پروفیشنل ایکریڈیشن پروگرام کے ذریعے بیرونی ٹریک کے پہلے مرحلے کو فعال کرنے کے لیے پیشہ ورانہ امتحانی پروگرام کی تیاری کا آغاز اسلامی جمہوریہ پاکستان سے کیا ہے۔
یاد رہے ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں پیشہ ورانہ امتحانی پروگرام کا نفاذ اپنے پہلے مرحلے میں 23 میں سے 5 فیلڈز (پلمبنگ، الیکٹریشن، آٹوموبائل الیکٹریشن، ویلڈنگ، ریفریجریشن اور ایئر کنڈیشنگ) میں کارکنوں کی مہارتوں کی جانچ پڑتال کے بعد عمل میں آیا ہے۔
چناں چہ عزت مآب وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی اور انسانی وسائل کی ترقی جناب ساجد حسین طوری نے آج پاکستان میں مملکت سعودی عرب کے سفارت خانے کا دورہ کیا، تاکہ پیشہ ورانہ امتحانی پروگرام کے پہلے مرحلے کو فعال کرنی کی بابت اس کا جائزہ لیا جا سکے اور خادم حرمین شریفین کے سفیر نواف سعید المالکی سے پروگرام کے طریقہ کار اور متوقع فوائد کے بارے میں تفصیلی آگاہی حاصل کی جائے۔
سعودی وزارت برائے انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے پیشہ ورانہ امتحانی پروگرام کا مقصد اس بات کی تصدیق کرنا ہے کہ کیا متعلقہ پیشوں میں کارکنان دو ٹریکس (اندرونی اور بین الاقوامی) میں ضروری مہارتوں کے مالک ہیں۔
اندرونی ٹریک کا مقصد مقامی امتحانی مراکز کے تعاون سے مملکت میں موجودہ پیشہ ور کارکنوں کی جانچ کرنا ہے۔ جب کہ بین الاقوامی ٹریک کا مقصد مملکت سے باہر دیگر ممالک میں متعدد تسلیم شدہ بین الاقوامی امتحانی مراکز کے تعاون سے پیشہ ور کارکنوں کی آمد سے پہلے جانچ کرنا ہے۔
اسی طرح پیشہ ورانہ امتحانی پروگرام سعودی لیبر مارکیٹ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بین الاقوامی معیارات کے مطابق افرادی قوت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرنے کی کوشش کرتا ہے، نیز لیبر مارکیٹ میں فراہم کی جانے والی خدمات کے معیار کو بڑھانے اور پیداواری صلاحیت کو بڑھانے میں کردار ادا کرتا ہے۔
پیشہ ورانہ امتحانی پروگرام کے انچارج نے تصدیق کی ہے کہ مملکت کے اندر ہونے والے ٹیسٹوں کی تعداد 100,000 سے زیادہ ہو گئی ہے۔
اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے لیے ادارے الیکٹرانک پلیٹ فارم https://svp.qiwa.sa/ کا وزٹ کر سکتے ہیں اور لیبر کے لیے ٹیسٹ کی رجسٹریشن کے عمل کو مکمل کرنے کے بعد مقررہ مرکز میں ٹیسٹ دیا جا سکتا ہے۔